اسلام آباد: وسیم اکرم کی موت کی افواہیں سوشل میڈیا پر گردش کرنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری فاسٹ بولر نے خود سامنے آکر ان بے بنیاد خبروں کی تردید کر دی۔
وسیم اکرم نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ امید ہے آپ سب خیریت سے ہوں گے۔ گزشتہ چند روز سے میری موت سے متعلق جعلی خبریں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر آج کے جدید دور میں بھی لوگ جعلی خبروں کو پہچان نہیں سکتے تو پھر ہم ساٹھ سال کے بابے کس کھیت کی مولی ہیں۔
سابق کپتان نے ان مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی خیریت دریافت کرنے کے لیے پیغامات بھیجے۔ انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ ان تمام لوگوں کو اکیس توپوں کی سلامی جنہوں نے پوچھا کہ کیا آپ واقعی زندہ ہیں؟
وسیم اکرم نے مزید کہا، “نہیں، میں مرنے کے بعد یہ ویڈیو بنا رہا ہوں”، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی خوب دلچسپ تبصرے کیے۔
انہوں نے جعلی ویڈیوز اور جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کو مشورہ دیا کہ اگر وہ اپنی صلاحیتیں کسی مثبت اور تعمیری مقصد کے لیے استعمال کریں تو زیادہ کامیاب ہو سکتے ہیں۔
اپنے پیغام کے اختتام پر وسیم اکرم نے ایک پنجابی کہاوت بھی سنائی اور کہا کہ “گدھے پر کتابیں لاد دینے سے وہ عالم نہیں بن جاتا، کیونکہ علم حاصل کرنے کے لیے پڑھنا پڑتا ہے اور نقل کے لیے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے۔”
وسیم اکرم کے اس مزاحیہ ردعمل کو مداحوں نے خوب سراہا، جبکہ سوشل میڈیا پر ان کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
