Search
Close this search box.
منگل ,07 جولائی ,2026ء

بڑھتی آبادی پر قابو پانے کے لیے نیشنل پاپولیشن کونسل تشکیل، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: نیشنل پاپولیشن کونسل کے قیام کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت وفاقی حکومت نے بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے اور قومی سطح پر مؤثر پالیسی سازی کے لیے 16 رکنی کونسل تشکیل دی ہے۔

سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم نیشنل پاپولیشن کونسل کے چیئرمین ہوں گے، جبکہ چیف آف ڈیفنس فورسز، آرمی چیف، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بھی کونسل کے ارکان ہوں گے۔

کونسل میں وفاقی وزیر خزانہ، وزیر منصوبہ بندی، وزیر صحت، وزیر تعلیم، وزیر قانون، وزیر اطلاعات اور وزیر مذہبی امور کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ آبادی سے متعلق پالیسی سازی میں تمام اہم اداروں کی نمائندگی یقینی بنائی جا سکے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کونسل کا بنیادی مقصد ملک میں آبادی میں تیزی سے اضافے پر قابو پانے کے لیے جامع اور مؤثر قومی پالیسی مرتب کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ وفاق اور صوبوں کے درمیان مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے گی تاکہ آبادی سے متعلق اقدامات کو مؤثر بنایا جا سکے۔

کونسل عوامی آگاہی بڑھانے، قومی اتفاقِ رائے پیدا کرنے اور آبادی سے متعلق حکومتی پروگراموں کی نگرانی بھی کرے گی۔

حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ مذہبی اسکالرز، سول سوسائٹی، نجی شعبے اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی آبادی پر قابو پانے کی قومی مہم میں شامل کیا جائے گا تاکہ اس حوالے سے عوامی شعور میں اضافہ کیا جا سکے۔

حکام کے مطابق نیشنل پاپولیشن کونسل مستقبل میں آبادی کے بڑھتے ہوئے دباؤ، وسائل کی منصفانہ تقسیم، صحت، تعلیم اور معاشی ترقی سے متعلق پالیسیوں پر بھی سفارشات مرتب کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں