Search
Close this search box.
منگل ,07 جولائی ,2026ء

آٹا سستا کرنے کے لیے حکومت کا بڑا فیصلہ

کراچی (نیوز ڈیسک) شہر قائد کے باسی ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں اس کی قیمتوں میں کمی کے لیے سندھ حکومت نے بڑا فیصلہ کر لیا۔

نجی چینل کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں گندم کی ذخیرہ اندوزی اور محکمہ خوراک میں اصلاحات پر اہم فیصلے کیے گئے اور گندم کے ذخائر کے ساتھ قومی گندم پالیسی 2026-2030 کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سندھ کو مالی سال 27-2026 میں 15 لاکھ 90 ہزار ٹن گندم کی کمی کا سامنا ہے اور اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت سرکاری امدادی نرخ 3500 روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تاجروں اور ذخیرہ اندوزوں کی جانب سے آٹے کی مصنوعی قلت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آٹے کی قیمتوں میں کمی اور استحکام کے لیے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کو حکم دیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گندم کی ذخیرہ اندوزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ہدایت کی کہ عوامی مفاد کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جائے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ گندم کی خریداری، ذخیرہ اور ترسیل کا پورا نظام ڈیجیٹل کیا جائے گا، اور محکمہ خوراک فوری طور پر ڈیجیٹلائزیشن کی جانب عملی اقدامات کرے۔ نجی شعبے کی شمولیت اور اجناس کے جدید انتظامی نظام کو فروغ دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ محکمہ خوراک کو جدید، ٹیکنالوجی پر مبنی ریگولیٹری ادارہ بنایا جائے۔ محکمہ خوراک پالیسی سازی، نگرانی اور غذائی تحفظ پر توجہ دے۔

اجلاس میں محکمہ خوراک کو مکمل ڈیجیٹل بنانے کی تجویز پر غور کرتے ہوئے سندھ حکومت نے محکمہ خوراک میں انٹیگریٹڈ ویٹ منیجمنٹ سسٹم لانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ سائنس اینڈ آئی ٹی ڈپارٹمنٹ نے انٹیگریٹڈ ویٹ مینجمنٹ سسٹم کی توثیق کر دی۔

صوبائی کابینہ نے سندھ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی کو شامل کرنے کی سفارش کرتے ہوئے ایس آئی ٹی سی کو جائزہ لینے کے لیے ایک ماہ کی مہلت دینے کا فیصلہ کیا۔

سندھ کابینہ نے وفاق کی مجوزہ قومی گندم پالیسی کے مسودے کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے قومی گندم پالیسی کے جائزے کے لیے اعلیٰ سطح کی کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی، جو مقررہ مدت میں گندم پالیسی پر سفارشات پیش کرے گی۔

مزید پڑھیں۔اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات بارے بڑی خبر آگئی

یہ بھی پڑھیں