اسلام آباد(نیوز ڈیسک) حکومت نے فنانس بل 2026 میں ترمیم کرتے ہوئے کم شوگر والی اسپورٹس ڈرنکس پر عائد 20 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (FED) ختم کر دی ہے، جس سے کوکا کولا اور پیپسی سمیت مشروبات تیار کرنے والی کمپنیوں کو بڑا ریلیف مل گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، ایف بی آر اور مشروب ساز کمپنیوں کے درمیان جاری ٹیکس تنازع بھی حکومت نے کمپنیوں کے حق میں نمٹا دیا ہے۔ ترمیم کے بعد گیٹوریڈ، ریوائیو اور دیگر ایسی ہائیڈریشن ڈرنکس جن میں ہر 100 ملی لیٹر میں 5 گرام سے کم شوگر ہو، اب ان پر 20 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی لاگو نہیں ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے کم شوگر والے مشروبات کی حوصلہ افزائی اور ٹیکس نظام میں وضاحت لانے کے لیے یہ فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، امریکی سفارت خانے نے بھی پاکستانی حکومت پر زور دیا تھا کہ مشروب ساز کمپنیوں کو درپیش ٹیکس اور کسٹمز سے متعلق مسائل حل کیے جائیں، جس کے بعد حکومت نے فنانس بل میں ترمیم کرتے ہوئے یہ اہم فیصلہ کیا۔
اس فیصلے سے کم شوگر اسپورٹس ڈرنکس تیار کرنے والی کمپنیوں کو ریلیف ملنے کے ساتھ ساتھ متعلقہ شعبے میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے۔
