Search
Close this search box.
اتوار ,12 جولائی ,2026ء

خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، تودے گرنے کا خدشہ

پشاور: خیبر پختونخوا موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے اہم الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ صوبے کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، پہاڑی تودے گرنے اور اچانک سیلاب آنے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران بالائی اضلاع میں موسلادھار بارشیں متوقع ہیں، جبکہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور ڈھانچوں، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جبکہ جنوبی اضلاع میں گرم اور مرطوب موسم برقرار رہنے کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا موسم کی پیشگوئی کے مطابق چترال اپر و لوئر، دیر اپر و لوئر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، کوہستان اپر و لوئر، کولائی پالس اور تورغر میں تیز آندھی، گرج چمک اور بارش متوقع ہے۔

اسی طرح بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، صوابی، مہمند، خیبر، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، ہنگو، کرم، اورکزئی اور بنوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں بھی آندھی، گرج چمک اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز کاکول میں 59 ملی میٹر، باجوڑ میں 29 ملی میٹر، مالم جبہ میں 13 ملی میٹر، بنوں میں 12 ملی میٹر جبکہ کالام، دیر، سوات، پشاور اور دیگر علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں، سیاحوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں