لاہور: لاہور میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا، جہاں شہر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے بعد شہر کا درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں تقریباً 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان بھی موجود ہے۔
لاہور میں بارش کے بعد کمشنر لاہور نعمان یوسف نے واسا، میونسپل کارپوریشن لاہور (ایم سی ایل) اور لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کی ٹیموں کو فوری طور پر فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنی اپنی تحصیلوں میں نکاسی آب کے انتظامات کی خود نگرانی کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی شاہراہوں، انڈر پاسز اور اہم سڑکوں کو ہر صورت ٹریفک کے لیے کھلا رکھا جائے، جبکہ سی بی ڈی اور روڈا کی ٹیمیں بھی مکمل طور پر الرٹ رہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ جہاں بجلی کی فراہمی معطل ہو، وہاں ڈسپوزل اسٹیشنز کو فوری طور پر جنریٹرز پر منتقل کر کے پمپ مسلسل چلائے جائیں تاکہ بارش کا پانی جلد نکالا جا سکے۔ واسا کے ٹاؤن ڈائریکٹرز کو بھی نکاسی آب کے عمل کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب موٹر وے پولیس کے ترجمان کے مطابق موٹر وے ایم-2 پر کوٹ مومن سے ٹھوکر نیاز بیگ تک متعدد مقامات پر بارش ہوئی، جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر مین ٹول پلازہ سے سمبڑیال تک بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ایم-3 موٹر وے پر فیض پور سے ننکانہ تک موسم ابر آلود ہے اور بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رفتار کم رکھیں، محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں، غیر ضروری اوور ٹیکنگ اور اچانک بریک لگانے سے گریز کریں۔
موٹر وے پولیس نے مزید کہا کہ ڈرائیور روانگی سے قبل گاڑی کی ہیڈ لائٹس اور وائپرز کی حالت ضرور چیک کریں، لین ڈسپلن اور سیٹ بیلٹ کا استعمال یقینی بنائیں، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں موٹر وے پولیس ہیلپ لائن 130 پر فوری رابطہ کریں۔

