ممبئی: عامر خان تیسری شادی کے بعد ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے معروف اداکار نے اپنی نئی ازدواجی زندگی کے آغاز کے ساتھ خاندان کو ایک ہی رہائشی منصوبے میں اکٹھا رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق عامر خان نے حال ہی میں اپنی دیرینہ دوست اور کاروباری شراکت دار گوری سپراٹ سے سادہ تقریب میں شادی کی، جس میں صرف قریبی رشتہ دار اور دوست شریک ہوئے۔
اب بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ عامر خان تیسری شادی کے بعد ممبئی کے پوش علاقے پالی ہِل میں ایک جدید رہائشی منصوبہ تیار کر رہے ہیں، جہاں ان کے خاندان کے بیشتر افراد ایک ہی عمارت میں رہ سکیں گے۔
اطلاعات کے مطابق بیلا وسٹا اور مرینا اپارٹمنٹس نامی دو رہائشی منصوبوں کو ازسرِ نو تعمیر کیا جائے گا۔ بتایا جا رہا ہے کہ عامر خان پہلے ہی بیلا وسٹا میں متعدد اپارٹمنٹس کے مالک ہیں، جبکہ انہوں نے نئے منصوبے کے لیے 100 کروڑ بھارتی روپے سے زائد مالیت کے مزید فلیٹس بھی خریدے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان تمام اپارٹمنٹس کو ملا کر ایک بڑی “اسکائی ولا” تعمیر کی جائے گی، جس میں خاندان کے مختلف افراد کے لیے الگ الگ منزلیں مختص ہوں گی۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عامر خان کے بڑے بیٹے جنید خان کے لیے ایک الگ فلور رکھا جائے گا، جبکہ عامر خان، ان کی اہلیہ گوری سپراٹ اور گوری کے پہلے شوہر سے بیٹے کے لیے دو منزلیں مختص کی جائیں گی۔
مزید یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ اداکار اپنی والدہ زینت حسین اور بہنوں نکہت خان اور فرحت خان کے لیے بھی اسی رہائشی منصوبے میں رہائش کا انتظام کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سابق اہلیہ کرن راؤ اور ان کے بیٹے آزاد کے لیے بھی اسی عمارت میں ایک اپارٹمنٹ مختص کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
تاہم اس منصوبے کے حوالے سے عامر خان یا ان کی ٹیم کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ تصدیق یا بیان جاری نہیں کیا گیا۔

