Search
Close this search box.
اتوار ,12 جولائی ,2026ء

حج 2027 مزید مہنگا ہونے کا امکان، حازمین کے لیے اہم خبر

اسلام آباد: سرکاری حج مہنگا ہونے کا امکان ہے، کیونکہ حج 2027 کے لیے تیار کی جانے والی ابتدائی تجاویز میں گزشتہ سال کے مقابلے میں سرکاری حج پیکیج میں تقریباً ایک لاکھ روپے اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق نئی حج پالیسی رواں ہفتے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ منصوبے کے تحت 40 سے 42 روزہ لانگ حج پیکیج کی متوقع قیمت تقریباً 12 لاکھ روپے جبکہ 22 سے 25 روزہ شارٹ حج پیکیج کی قیمت تقریباً 13 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز زیر غور ہے۔ تاہم حتمی اخراجات کا فیصلہ سعودی عرب سے موصول ہونے والے سرکاری تخمینے اور فضائی کرایوں کے تعین کے بعد کیا جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو نے حج 2027 کے متوقع اخراجات، سعودی حکام کی ہدایات اور مجوزہ ٹائم لائن وزارت مذہبی امور کو ارسال کر دی ہے۔ اس کے علاوہ سرکاری اور نجی حج اسکیم کے کوٹے کی تقسیم کے لیے 60 فیصد سرکاری اور 40 فیصد نجی فارمولے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض حلقوں میں نجی حج اسکیم کا کوٹہ کم کیے جانے کی خبریں درست نہیں، کیونکہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ہی سامنے آئے گا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پہلے ہی نجی شعبے کے لیے 40 فیصد کوٹہ برقرار رکھنے کی حمایت کر چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے حج اخراجات کا حتمی تخمینہ موصول ہونے کے بعد ایئر لائنز کے ساتھ کرایوں پر مذاکرات کیے جائیں گے، جس کے بعد سرکاری حج پیکیج کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اس وقت شارٹ حج پیکیج میں ایک لاکھ روپے اضافے کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا بلکہ یہ صرف ایک تجویز ہے۔

حج انتظامات سے متعلق ایک اور تجویز کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے عازمین سے رقم دو اقساط میں وصول کی جا سکتی ہے تاکہ ادائیگیوں کا نظام مزید آسان بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ نجی حج اسکیم کے بعض سابقہ کلسٹرز کی بحالی اور آئندہ برسوں میں کلسٹر سسٹم کو مزید مؤثر بنانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں