لاہور(نیوز ڈیسک) پنجاب کے شہر ملتان میں پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں کراچی کے معروف عالم دین اور خطیب مولانا محمد اکرم سعیدی شدید زخمی ہونے کے بعد انتقال کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق مولانا محمد اکرم سعیدی کے حادثے کی اطلاع جمعہ کے روز سامنے آئی، جس کے بعد ان کے چاہنے والوں اور دینی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ حادثے کے بعد سامنے آنے والی تصاویر میں انہیں شدید زخمی حالت میں دیکھا گیا، جہاں وہ علاج کیلئے موجود تھے۔
مولانا محمد اکرم سعیدی کراچی کے علاقے گلشنِ حدید کی معروف جامع مسجد اور دارالعلوم دیارِ حبیب سے وابستہ تھے، جہاں وہ طویل عرصے تک امام اور خطیب کی ذمہ داریاں انجام دیتے رہے۔ اپنی خطابت، دینی خدمات اور نعت گوئی کے باعث انہیں مختلف حلقوں میں قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔
ان کے انتقال کی خبر سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی، جس کے بعد کراچی، ملتان اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
سوشل میڈیا پر ان کی خطابت اور نعت خوانی کی ویڈیوز بھی شیئر کی جا رہی ہیں، جبکہ اہلِ خانہ سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔
علمائے کرام اور مذہبی شخصیات نے مولانا محمد اکرم سعیدی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی دینی و سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا، ان کا کہنا تھا کہ مرحوم نے کئی دہائیوں تک دین کی خدمت کی اور لوگوں کی رہنمائی کرتے رہے۔
ذرائع کے مطابق مولانا محمد اکرم سعیدی کی نمازِ جنازہ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد میں شرکت متوقع ہے۔
مزید پڑھیں۔ملک بھر میں طوفانی بارشوں کا الرٹ، پنجاب میں ایمرجنسی نافذ



