پشاور(نیوزڈیسک) خیبر پختونخوا کابینہ نے اٹارنی کیڈر افسران کے پرفارمنس الاؤنس میں 100 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد یہ الاؤنس 60 فیصد سے بڑھا کر 100 فیصد کر دیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت نے اٹارنی کیڈر افسران کے مالی مراعاتی پیکیج میں اضافے کا فیصلہ کرتے ہوئے کابینہ سے اس کی باضابطہ منظوری حاصل کر لی ہے۔ جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پرفارمنس الاؤنس 2022 کی ابتدائی بنیادی تنخواہ کے برابر ادا کیا جائے گا، تاہم اس میں پنشن اور گریجویٹی شامل نہیں ہوگی۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ الاؤنس انکم ٹیکس کے دائرہ کار میں بھی آئے گا۔
اعلامیے کے مطابق ایکسٹرا آرڈنری چھٹی، طویل رخصت یا معطلی کی مدت کے دوران متعلقہ افسران پرفارمنس الاؤنس کے حقدار نہیں ہوں گے۔
حکومت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ غیر اٹارنی کیڈر افسران، مارکیٹ بیسڈ تنخواہ یا خصوصی پیکیج پر تعینات افسران اس الاؤنس کے اہل نہیں ہوں گے۔
خیبر پختونخوا حکومت نے اس معاملے سے متعلق جاری کیے گئے تمام سابقہ احکامات اور نوٹیفکیشن منسوخ کرتے ہوئے نئی پالیسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں۔سونے کی فی تولہ قیمت میں ہزاروں روپے کی بڑی کمی ہوگئی
