اسلام آباد: محکمہ موسمیات بارشوں کی پیشگوئی کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں 19 جولائی سے بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث کئی شہروں میں موسلادھار بارش، اربن فلڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں مسلسل پاکستان کے بالائی اور وسطی علاقوں کا رخ کر رہی ہیں، جبکہ ہفتہ اور اتوار کے دوران ان ہواؤں کی شدت مزید بڑھنے کی توقع ہے۔ اسی موسمی نظام کے باعث متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
پیشگوئی کے مطابق اسلام آباد، مری، خطہ پوٹھوہار، خیبرپختونخوا، پنجاب، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 19 سے 23 جولائی کے دوران بارش کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر تیز بارش ہونے کی صورت میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور شہری سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے اضلاع ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، لورالائی، سبی اور زیارت میں بھی بارش متوقع ہے، جبکہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
لاہور کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ تاہم آئندہ چند روز میں موسم میں تبدیلی کے امکانات بھی موجود ہیں۔
ادھر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ نالہ لئی، مقامی ندی نالوں، مری، گلیات، آزاد کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب کے برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسمی حالات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، برساتی نالوں اور نشیبی علاقوں کے قریب احتیاط برتیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات بارشوں کی پیشگوئی کے بعد ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

