Search
Close this search box.
هفته ,25 جولائی ,2026ء

آزاد کشمیر عام انتخابات 2026، چیف الیکشن کمشنر نے تیاریوں کا جائزہ لیا

میرپور: آزاد کشمیر عام انتخابات 2026 کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر، جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کی زیر صدارت میرپور میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سکیورٹی اور انتظامی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں سیکریٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز)، ریٹرننگ افسران (آر اوز)، ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام سمیت پولیس افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران جہانگیر جرال (میرپور)، محمد ادریس بھٹی (کوٹلی) اور حافظ سردار محمد اکرم خان (بھمبر) نے اپنے اپنے اضلاع میں انتخابی تیاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز اور ڈی آئی جی کامران علی نے بھی آئندہ انتخابات کے لیے سکیورٹی پلان اور انتظامی و لاجسٹک انتظامات سے متعلق بریفنگ پیش کی۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ آزاد، شفاف، منصفانہ اور غیر جانبدار انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتماد عدلیہ، انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں پر ہے، اس لیے پرامن پولنگ کا انعقاد ہر ادارے کی اولین ذمہ داری ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام پولنگ اسٹیشنز کی مؤثر سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے اور ووٹرز و پولنگ عملے کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ انتخابات سے متعلق افواہوں اور غلط معلومات کا بروقت تدارک کرنے کے لیے باہمی رابطہ مضبوط بنایا جائے۔

مرحلہ وار انتخابی شیڈول سے متعلق خدشات پر گفتگو کرتے ہوئے جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ ایک ڈویژن کے نتائج کا دوسرے ڈویژن کے ووٹرز پر اثر انداز ہونے کا تاثر بے بنیاد ہے، کیونکہ آزاد کشمیر کے سیاسی حالات اور ووٹرز کا انتخابی رویہ منفرد نوعیت کا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے پولنگ اسٹیشنز پر پہنچنا شروع کر دیا ہے، جبکہ الیکشن کمیشن پرامن، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہا ہے۔

اجلاس کے اختتام پر چیف الیکشن کمشنر نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، سول انتظامیہ اور پولیس حکام کو ہدایت کی کہ قومی مفاد میں انتخابی عمل کی کامیابی کے لیے باہمی تعاون اور رابطے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں