تربت(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تربت میں فرنٹیئر کور بلوچستان (ساؤتھ) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف سی کے جدید ترین ہسپتال کا افتتاح کیا، ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکس سے ملے اور دکھی انسانیت کی بھرپور خدمت کی تلقین کی۔
انہوں نے او پی ڈی، مختلف وارڈز، ایم آر آئی، سی ٹی سکین رومز اور آپریشن تھیٹر کا معائنہ کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے جدید ہسپتال کو مختصر مدت میں مکمل کرنے پر آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایف سی ہسپتال کو اتنی جلد فنکشنل دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے، تربت میں علاج معالجے کی جدید سہولتوں سے آراستہ ہسپتال اشد ضرورت تھی، تربت کی مقامی آبادی کو بھی علاج معالجے کی یہ بہترین سہولت میسر ہوگی ۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی کو ایف سی ہسپتال میں فراہم کردہ طبی سہولتوں کے بارے بریفنگ دی گئی۔
آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) میجر جنرل بلال سرفراز خان نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو فورس کی پیشہ وارانہ تربیت اور فیلڈ آپریشنز سے متعلق بریفنگ دی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کی پیشہ وارانہ تیاریوں کو سراہا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے فتنہ الہندوستان سمیت تمام کالعدم دہشت گرد گروہوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر ایف سی بلوچستان (نارتھ) کو خراج تحسین پیش کیا۔
مزید پڑھیں۔پی سی بی کا بڑا فیصلہ، ٹیسٹ اسکواڈ میں دو تبدیلیوں کا اعلان