اسلام آباد (نیوزڈیسک)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (PIA) کے تمام نقصانات، واجبات اور قرض ہولڈنگ کمپنی کو منتقل کر کے بیلنس شیٹ کلیئر کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ملکی معیشت کے لیے خوشخبری ہے، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن پی آئی اے کے تمام خسارے، واجبات اور قرضے معاف کر کے بیلنس شیٹ کلیئر کر دی گئی ہے۔
نجکاری حکام کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے تمام نقصانات، واجبات اور قرضے ہولڈنگ کمپنی کو منتقل کر دیے گئے ہیں اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو پی آئی اے کی واضح بیلنس شیٹ سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: بختاور بھٹو نے نجم سیٹھی کو ’دھوکے باز‘ قرار دے دیا
پی آئی اے ایوی ایشن بڑے سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش موقع ہے، پی آئی اے کے پاس ہر ہفتے 20 ممالک کے لیے 170 پروازوں کے قیمتی روٹس ہیں۔
پی آئی اے 15 لاکھ مسافروں کو سعودی عرب جانے کے لیے سفری سہولیات فراہم کر رہی ہے، نجکاری کے بعد پی آئی اے کے یورپ کے راستے کھول دیے جائیں گے۔
پی آئی اے کے پاس ایئر سروس معاہدے کے تحت اہم ترین روٹس ہیں، پی آئی اے کے ایئر سروس معاہدے کے تحت 97 ممالک میں سفری معاہدے ہیں۔
گزشتہ روز پی آئی اے کی نجکاری کے لیے اظہار دلچسپی کی دعوت دی گئی تھی اور ایئر لائن کا قرضہ پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کو 830 ارب روپے منتقل کر دیا گیا ہے، پی آئی اے کارپوریشن لمیٹڈ پر 202 ارب روپے کا قرضہ ہو گا۔




