کراچی: پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین کو جرمانے اور سزا دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے انسداد پولیو مہم مزید تیز کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہ پلانے والے والدین کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا ہے۔
امیونائزیشن اینڈ ایپیڈیمکس کنٹرول بل 2023 کے تحت اختیارات ڈپٹی کمشنرز کو تفویض کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: اپریل میں مالیاتی اور بیرونی شعبے میں بہتری آئی،وزارت خزانہ کیجانب سے آؤٹ لک رپورٹ جاری
حیدرآباد کے ڈپٹی کمشنر طارق قریشی نے جرمانے اور سزاؤںکا نوٹیفکیشن جاری کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین کو ایک ماہ قید اور 50 ہزار جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ پولیس اور پولی ورکرز ٹیموں کی نشاندہی پر ویکسین نہ لگوانے والے والدین کے خلاف کارروائی کی جائے گی، سندھ پولیس کو محکمہ صحت اور پولی ورکرز سے مکمل تعاون کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو انسداد پولیو ٹیموں سے پولیو کے قطرے پلائیں، والدین پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہمارا ساتھ دیں۔


