Search
Close this search box.
پیر ,06 جولائی ,2026ء

حج آپریشن ڈیجیٹلائزیشن، وزیراعظم نے آئندہ سال مکمل آن لائن نظام کی ہدایت دے دی

اسلام آباد: حج آپریشن ڈیجیٹلائزیشن کے لیے وزیراعظم نے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے آئندہ سال حج کے تمام مراحل کو جدید ڈیجیٹل نظام کے تحت انجام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزارتِ مذہبی امور سے حج آپریشن کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کے لیے جامع اور قابلِ عمل منصوبہ طلب کیا ہے، جس پر وزارت نے ابتدائی ہوم ورک بھی شروع کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد عازمین حج کو زیادہ شفاف، تیز رفتار اور آسان خدمات فراہم کرنا ہے تاکہ درخواست سے لے کر روانگی تک تمام مراحل جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مکمل کیے جا سکیں۔

مجوزہ منصوبے کے تحت حج درخواست، تصدیق، ادائیگی اور دیگر انتظامی مراحل کو مزید جدید اور خودکار بنایا جائے گا، جبکہ عازمین کو ایک مربوط ڈیجیٹل پلیٹ فارم فراہم کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔

ذرائع کے مطابق حج آپریشن میں شفافیت، رفتار اور سہولت بڑھانے کے لیے تمام متعلقہ مراحل کو ایک ہی ڈیجیٹل نظام سے منسلک کیا جائے گا تاکہ مختلف اداروں کے درمیان رابطہ بھی مؤثر بنایا جا سکے۔

سفارشات میں نادرا، بینکنگ نظام اور دیگر متعلقہ اداروں کے ڈیجیٹل انضمام، انسانی مداخلت میں کمی اور خودکار نظام کے فروغ کی تجاویز شامل ہیں۔

اس کے علاوہ عازمین کی شکایات کے اندراج اور فوری ازالے کے لیے جدید ڈیجیٹل شکایتی نظام بھی متعارف کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارتِ مذہبی امور مختلف تکنیکی اداروں سے مشاورت کر رہی ہے اور جلد وزیراعظم کو حج ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ حتمی منظوری کے بعد ان اصلاحات کو آئندہ حج پالیسی کا حصہ بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں