پشاور: دورانِ سروس وفات پانے والے ملازمین کے بچوں کے لیے پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے زیرِ التوا کوٹہ کیسز پر دوبارہ غور کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پیسکو انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق دورانِ سروس وفات پانے والے یا لائن ڈیوٹی کے دوران کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے ملازمین کے بچوں کے کوٹہ کیسز کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 18 اکتوبر 2024 کو سپریم کورٹ کے فیصلے سے پہلے کے تمام زیرِ التوا کیسز اس عمل میں شامل کیے جائیں گے۔
پیسکو انتظامیہ وفاقی آئینی عدالت کی وضاحت کی روشنی میں تمام کیسز کا تفصیلی جائزہ لے گی، جس کے بعد اہل امیدواروں کے انٹرویوز کے لیے چھان بین کا مرحلہ شروع کیا جائے گا۔
اس مقصد کے لیے پیسکو ہیڈ آفس نے تمام فیلڈ دفاتر کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے پاس موجود زیرِ التوا کوٹہ کیسز کی مکمل تفصیلات اور تمام ضروری دستاویزات فوری طور پر ہیڈ آفس ارسال کریں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام مطلوبہ ریکارڈ 30 جولائی 2026 تک خصوصی میسنجر کے ذریعے ہیڈ آفس پہنچانا لازمی ہوگا۔
پیسکو نے واضح کیا ہے کہ مقررہ تاریخ کے بعد موصول ہونے والے نئے دعووں یا کیسز پر غور نہیں کیا جائے گا، اس لیے تمام متعلقہ دفاتر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بروقت معلومات کی فراہمی یقینی بنائیں۔
انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد زیرِ التوا معاملات کو شفاف انداز میں نمٹانا اور مستحق خاندانوں کو انصاف فراہم کرنا ہے۔




