یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے وزیراعظم پیکج کے لیے بجٹ میں 85 ارب روپے مانگ لیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان 85 ارب میں آئندہ سال کے رمضان پیکج کے لیے 12 ارب روپے تجویز کیے گئے ہیں جب کہ باقی 73 ارب روپے آئندہ مالی سال کے 11 ماہ پر خرچ کیے جائیں گے۔
آئندہ مالی سال کے وزیراعظم پیکج کے لیے ماہانہ اوسطاً 6 ارب 64 کروڑ روپے مانگے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ وزیراعظم کے ریلیف پیکج کے لیے فنڈز سے متعلق تجاویز کو حتمی شکل دے گی۔
نئے مالی سال میں بی آئی ایس پی کے صارفین کے لیے وزیراعظم کے پیکج کے تحت 5 بنیادی اشیاء چینی، آٹا، گھی، دالیں اور چاول پر سبسڈی کی تجویز ہے۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر موجودہ وزیراعظم کا ریلیف پیکج 30 جون 2024 کو ختم ہو جائے گا۔دوسری جانب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز کی جانب سے درخواست کردہ فنڈز کی منظوری کا امکان بہت کم ہے۔


