اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکلا شعیب شاہین اور علی بخاری ایڈوکیٹ کی تھانہ کوہسار میں درج مقدمہ میں ضمانت کنفرم کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے علی بخاری اور شعیب شاہین کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کی۔اس موقع پر شعیب شاہین، علی بخاری ایڈووکیٹ وکلا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، وکلا ریاست علی آزاد، شکیل عباسی، نیاز اللہ نیازی، قیصر امام بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
بعد ازاں، عدالت نے درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے علی بخاری، شعیب شاہین ایڈوکیٹ کی ضمانت قبل از گرفتاری کنفرم کر دی۔عدالت نے ایک، ایک لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی۔
واضح رہے کہ ضمانتیں کنفرم یا ضمانت میں توثیق کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ اس کیس میں اب مستقل بنیادوں پر ان کی ضمانت ہو چکی ہے اور انہیں اب اس کیس میں گرفتار نہیں کیا جاسکتا، تاہم پراسیکیوشن اس فیصلے کو چیلنج کر سکتی ہے، جس کے بعد عدالت چاہے تو ضمانت مسترد کرسکتی ہے۔
مزید پڑھیں : سمندر پارپاکستانیوں کے لیے پراپرٹی کی خرید و فروخت کے حوالے سےبڑی سہولت کا اعلان


