اسلام آباد (نیوزڈیسک) حکومت نے عزم استحکام آپریشن کے سلسلے میں ایوان میں قومی سلامتی کمیٹی کا ان کیمرا اجلاس بلانے کا اعلان کر دیا.
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارر نے قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے قومی سلامتی کمیٹی کا ایوان میں ان کیمرہ اجلاس بلانے کا اعلان کیا، اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ عزم استحکام آپریشن کیسے کیا جائے گا؟ اس پر بحث کریں گے، آپ کے وزیراعظم کی طرح ناراض ہوکر ہمارا وزیراعظم باہر نہیں بیٹھے گا بلکہ پوری کابینہ کے ساتھ یہاں موجود ہوگا.
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھاکہ عزم استحکام آپریشن سے متعلق وزیردفاع بات کرنا چاہتے تھے لیکن اپوزیشن نے بات نہیں کرنے دی۔انہوں نے کہا کہ عزم استحکام آپریشن کیسے کیا جائے گا؟ اس پر بحث کریں گے اور ہم یہاں (ایوان) میں قومی سلامتی کمیٹی کو بلائیں گے، وزیراعظم بھی اجلاس میں بیٹھیں گے۔اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے، کچھ ایشوز بے ضرر ہوتے ہیں، اس سے آپ کی اور ہماری سیاست کو نقصان نہیں، عزم استحکام پر وزیر دفاع بات کررہے تھے، لیکن آپ نے ایک لفظ نہیں سنا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن مشاورت نہ کرنے کا الزام لگاتی ہے لیکن ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ نے کوئی بات نہیں کی، وزیردفاع کی تقریر کا ایک لفظ اپوزیشن نے نہیں سنا، کیسے مشاورت کریں؟۔



