اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی کے حوالے سے وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ فیصلے کی مخالفت کردی۔
پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق سینئر رہنماؤں نے اپنی قیادت کو حکومتی فیصلے کی کھل کر مخالفت کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ حکومتی فیصلے کی حمایت نہیں کرتے۔
پیپلز پارٹی کے بعض رہنماؤں نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کے اس حوالے سے اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کے بیان پر حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اس معاملے پر پارٹی کو اعتماد میں لینے کا نہیں جانتے۔
واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ نے پی ٹی آئی پر پابندی کے فیصلے کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ غیر ملکی فنڈنگ ثابت ہو گئی، 9 مئی کے حملے ثابت ہو گئے اور دہشت گردوں کو واپس لانا ثابت ہو گیا، امریکہ میں قرار داد ثابت ہو گئی، ان سب چیزوں کے علاوہ سائفر کا کھیل رچایا گیا، ان تمام چیزوں کو دیکھ کر وفاقی حکومت پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا مقدمہ دائر کرے گی، وہ تحریک انصاف پر پابندی لگانے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کے آئین کے تحت آرٹیکل 17 حکومت کو سیاسی جماعتوں پر پابندی لگانے کا اختیار دیتا ہے۔ یہ معاملہ سپریم کورٹ کو بھیجا جائے گا، تمام موجودہ ثبوتوں کو دیکھتے ہوئے قابل اعتماد شواہد موجود ہیں کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگائی جائے۔
عطا تارڑ نے کہا تھا کہ آپ نے آئی ایم ایف معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی، سیاسی مفادات کی خاطر آپ آئی ایم ایف کو خط لکھنے کی حد تک گئے تاکہ پاکستان ڈیفالٹ ہو جائے، یہ آپ کی کوشش تھی، آپ نے کوشش کی کہ عدم استحکام پیدا ہو، ملک میں افراتفری ہو، یہاں کبھی استحکام نہیں آئے گا۔
مزیدپڑھیں :عوامی نیشنل پارٹی نےتحریک انصاف پر پابندی کی مخالفت کردی


