بارش کی وجہ سے آپ کی چھت سے بھی پانی ٹپک رہا ہے؟ دیواروں اور چھت سے ٹپکتے پانی کو فوری روکنے کا سستا اور آسان طریقہ جانئیے۔
پہلا طریقہ:
آپ کی چھت سے بھی اگر پانی ٹپکتا ہے تو آپ تھرماپول کا ایک ٹکڑا لیں، اس پر سادہ چونا لگائیے جوکہ بازار میں آسانی سے مل جاتا ہے اور رنگ والوں کے پاس تولازمی ہوتا ہے۔چونے کو تھرماپول پر لگا کر وہ سائیڈ جس پر چونا لگایا ہے اس کو چھت کی طرف کیجیئے اور سادے حصے کو نیچے رکھیں اور اس کو اچھی طرح چپکا دیجیئے۔اس طرح امید ہے کہ پانی نہیں ٹپکے گا ، یا پھرکافی کم ٹپکے گا اور پھر سادی طرف اور تھرماپول کے کناروں پر بھی پلاسٹر آف پیرس لگا دیجئیے یوں پانی کا ٹپکنا کافی حد تک کم ہوجائے گا ۔ تھرماپول پانی کو ایک مخصوص درجہ حرارت تک جذب بھی کرتا ہے اور خشک بھی کرلیتا ہے، مگر بہت زیادہ نمی کی صورت میں وہ بہہ جاتا ہے، اس لئے یہ طریقہ مستقل تو نہیں البتہ کچھ مدت کے لئے مناسب ہے۔
دوسرا طریقہ :
مون سون کے موسم سے پہلے ہی اپنی چھت کی یا تو واٹر پروف کیمیکل پروفنگ کروالیں یا پھر چھت میں اگر درزیں بن گئی ہیں تو ان میں سفید سیمنٹ بھردیں۔سفید سیمنٹ ان درزوں کو بھرکر پانی کا ٹپکنا روک دے گا۔اس کے علاوہ اپنی چھت پر پانی کی نکاسی کا انتظام رکھیں ، دو تین جگہوں سے نالی نکالیں تاکہ چھت پر پانی جمع نہ ہو اور فوراً باہر گر جائے اس سے بھی کافی بچت ہو سکتی ہے۔
چھت سے پانی ٹپکنے سے گھر میں عجیب سی بو آنے لگتی ہے۔ ایسے میں کچھ طریقے اپنا کر آپ مانسون کے دوران گھر میں گیلا پن اور کیڑوں مکوڑوں کے مسائل سے چھٹکارا حاصل کرسکتی ہیں۔ اسکے علاوہ بیماریاں پھیلنے کا بھی خدشہ ہے۔ سابق میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سبھاش رائے سے جانیں کہ بارش میں انفیکشن سے کیسے بچا جائے:
کھڑکیاں کھلی رکھیں
گھر میں نمی کو روکنے کے لئے ضروری ہے کہ آپ اپنے گھر کی کھڑکیاں زیادہ تر کھلی رکھیں۔ اس کے علاوہ پنکھے کو درمیانی رفتار میں چلائیں۔ کھانا پکاتے وقت، نمی کو باہر خارج کرنے کیلئے ایگزاسٹ فین چلائیں۔ یہ طریقہ گھر میں نمی کو روک سکتا ہے۔
باورچی خانے اور غسل خانے کو صاف رکھیں بارش کے دنوں میں گیلے پن اور بدبو سے نجات حاصل کرنے کے لئے گھر کی صفائی پر خصوصی توجہ دیں۔ خاص طور پر باتھ روم اور کچن کو صاف رکھیں کیونکہ یہاں زیادہ تر گیلا پن ہوتا ہے اور بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہوتا ہے۔برسات کے موسم میں نمی کی وجہ سے ایک عجیب سی بو بھی گھر میں رچ بس جاتی ہے۔ آئیے جانتے ہیں کہ گیلے پن کی بدبو سے کیسے نجات حاصل کی جائے؟
اس طرح بو کو دور کریں
اگر گھر میں بارش کے پانی کی وجہ سے گیلا پن اور بدبو ہو تو اس سے نجات حاصل کرنے کے لئے ہائیڈروجن پر آکسائیڈ کو پانی میں ملا کر چھڑکیں۔ اس سے بدبو دور ہو جائے گی۔
گھر میں سرکہ چھڑکیں
بہت سے لوگ کمرے سے بدبو دور کرنے کے لئے ڈیو کا استعمال کرتے ہیں، لیکن ایسا نہیں کرنا چاہئے کیونکہ خوشبو بدبو کے ساتھ مل کر ایک نئی قسم کی بو پیدا کرتی ہے۔ بہتر طریقہ یہ ہے کہ آپ سرکہ کا استعمال کریں کیونکہ یہ اپنے اندر ناگوار بو کو جذب کر لیتا ہے۔ ایک اسپرے بوتل میں سرکہ اور پانی برابر مقدار میں ملا کر گھر کے ہر کونے میں چھڑک دیں۔
تلسی اور لیموں سے نمی کی بو کو دور کریں
لیموں اور تلسی کی خوشبو گھر سے نمی دور کرنے میں بہت مددگار ہے۔ایک کپ پانی میں چار بڑے چمچے خشک تلسی ڈالیں اور چند منٹ تک ابلنے دیں۔ اب اسے چھان لیں اور اس میں ۲؍ سے ۳؍ چمچے لیموں کا رس ملا کر اسپرے کی بوتل میں ڈالیں اور تھوڑی دیر بعد پورے گھر میں چھڑکتے رہیں۔
بیکنگ سوڈا سے گھر کو خوشبودار بنائیں
بیکنگ سوڈا بارش کے دنوں میں گھر سے آنے والی نمی اور کوڑے کی بو کو دور کرنے کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس کے لئے ایک اسپرے بوتل میں۲؍ کپ پانی بھریں اور اس میں ایک چھوٹا چمچہ بیکنگ سوڈا اور اسینشل آئل کے چند قطرے ڈالیں۔ اب اسے ہلا کر اچھی طرح مکس کریں اور گھر میں چھڑک دیں۔
نمک کا استعمال کریں
نمک میں نمی جذب کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ لہٰذا گھر کی نمی کو دور کرنے کا یہ سب سے آسان طریقہ ہے۔ نم جگہ پر ایک ڈبے میں تقریباً ایک کلو نمک رکھیں۔ آپ خود اس کا اثر دیکھیں گی کہ نمک نے بہت زیادہ نمی اپنے اندر جذب کر لی ہے۔
الماری میں اخبارات پھیلائیں بارش کے موسم میں پیدا ہونے والی نمی کو جذب کرنے کیلئے اخبار کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس کے لئے آپ الماری میں اخبارات بچھائیں۔ اس سے نمی کو جذب کرنے میں مدد ملے گی۔
نیم کے خشک پتے کا استعمال کریں
بارش کے موسم میں اکثر کیڑے نکل آتے ہیں جس کے لئے نیم کے خشک پتے استعمال کئے جاسکتے ہیں۔ نیم کے پتوں کی کڑواہٹ کی وجہ سے کیڑے مکوڑے دور بھاگتے ہیں۔
ٹپکتی ہوئی چھت سے یوں چھٹکارا پائیں
ٹپکتی ہوئی چھت کو پیٹرول اور تھرماکول کی مدد سے ٹھیک کیا جا سکتا ہے۔ تھرماکول کے ٹکڑے پیٹرول میں ڈال دیں۔ جب آپ پیٹرول میں تھرماکول ڈالیں گے تو یہ پگھل کر پیسٹ کی طرح بن جائے گا۔ اس پیسٹ کو جہاں بھی دیواروں میں دراڑیں ہوں وہاں بھر دیں۔ تین سے چار گھنٹے تک خشک ہونے دیں، اس کے بعد چھت سے پانی نہیں ٹپکے گا اور دراڑیں بھی نہیں آئیں گی۔
اگر دیواریں نم ہیں تو دیواروں میں دراڑیں اور سوراخوں کی جانچ کریں۔ عام طور پر، دروازوں اور کھڑکیوں کے قریب دراڑیں پڑتی ہیں، جو نمی کو جذب کرتی ہیں اور دیوار کو زیادہ نقصان پہنچاتی ہیں۔ شگافوں پر کریک فل پوٹّی لگائیں، اس طریقے سے آپ کو بڑی راحت ملے گی۔



