Search
Close this search box.
بدھ ,15 جولائی ,2026ء

نئے عمرہ رولز کا نوٹیفکیشن جاری، زائرین کے لیے اہم ہدایات

اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے نئے عمرہ رولز کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت عمرہ انتظامات کو مزید شفاف اور منظم بنانے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اب صرف وزارت مذہبی امور سے تصدیق شدہ عمرہ کمپنیاں ہی زائرین کو عمرہ خدمات فراہم کرنے کی مجاز ہوں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ حج و عمرہ ایکٹ 2024 کے نفاذ کے بعد عمرہ سے متعلق تمام معاملات وزارت مذہبی امور کے دائرہ اختیار میں آ گئے ہیں۔

وزارت نے نئی عمرہ پالیسی کی تیاری کے لیے ایک خصوصی عمرہ پالیسی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔ اس کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل سیکرٹری وزارت مذہبی امور کریں گے، جبکہ وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، وزارت قانون اور کابینہ ڈویژن کے نمائندے بھی اس کا حصہ ہوں گے۔

نئے عمرہ رولز کے تحت تصدیق شدہ عمرہ کمپنیوں کی فہرست وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ پر جاری کی جائے گی تاکہ زائرین مستند آپریٹرز کا انتخاب کر سکیں۔

وزارت نے ہدایت کی ہے کہ عمرہ زائرین صرف رجسٹرڈ اور تصدیق شدہ کمپنیوں کے ذریعے بکنگ کرائیں، کیونکہ غیر رجسٹرڈ کمپنیوں کے ذریعے بکنگ کی صورت میں کسی بھی نقصان یا تنازع کی ذمہ داری متعلقہ افراد پر ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ عمرہ پیکیج کی ادائیگی لازمی طور پر بینکنگ چینل کے ذریعے کی جائے، جبکہ زائرین ادائیگی کی رسید، معاہدہ اور دیگر تمام دستاویزات محفوظ رکھیں تاکہ ضرورت پڑنے پر انہیں بطور ثبوت پیش کیا جا سکے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق نئے قواعد کا مقصد عمرہ نظام میں شفافیت، جوابدہی اور زائرین کے حقوق کا بہتر تحفظ یقینی بنانا ہے، جبکہ غیر قانونی اور غیر رجسٹرڈ عمرہ آپریٹرز کی حوصلہ شکنی بھی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں