لاہور: پنجاب بھر کے جوڈیشل افسران کیلئے رعایتی قیمت پر گاڑیاں خریدنے کی نئی اسکیم متعارف کرا دی گئی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کی منظوری کے بعد ڈائریکٹر ڈسٹرکٹ جوڈیشری نے باقاعدہ سرکلر جاری کر دیا، جس کے تحت اہل افسران کم قیمت پر سرکاری گاڑیاں خرید سکیں گے۔
سرکلر کے مطابق تمام اہل جوڈیشل افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 22 جولائی 2026 تک مقررہ رقم کا پے آرڈر رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کے دفتر میں جمع کرائیں تاکہ اسکیم سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یہ سہولت ٹرانسپورٹ مونیٹائزیشن فیسیلٹی کے تحت فراہم کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے پنجاب بھر کے تقریباً دو ہزار جوڈیشل افسران ڈھائی لاکھ روپے سے ساڑھے تین لاکھ روپے تک کی رعایتی قیمت پر سرکاری گاڑیاں خرید سکیں گے۔
اس اسکیم سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، سینئر سول ججز، سول ججز اور ججز فیملی کورٹس مستفید ہوں گے۔
اس کے علاوہ انسداد دہشت گردی، احتساب، بینکنگ، ایف آئی اے، انسداد منشیات، کسٹمز اور لیبر کورٹس میں خدمات انجام دینے والے ججز بھی جوڈیشل افسران کیلئے رعایتی قیمت پر گاڑیاں خریدنے کی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ، اسلام آباد ہائیکورٹ، آئینی عدالت اور دیگر اداروں میں ڈیپوٹیشن پر تعینات پنجاب جوڈیشری کے افسران بھی اس اسکیم کے اہل ہوں گے۔
قانونی حلقوں کے مطابق اس اقدام کا مقصد جوڈیشل افسران کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا اور ٹرانسپورٹ مونیٹائزیشن پالیسی پر مؤثر انداز میں عمل درآمد یقینی بنانا ہے۔

