Search
Close this search box.
بدھ ,15 جولائی ,2026ء

صفر المظفر 1448 ہجری کا چاند نظر آگیا، یکم صفر کل ہوگی

اسلام آباد: صفر المظفر 1448 ہجری کا چاند نظر آنے کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے نئے اسلامی مہینے کے آغاز کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ کمیٹی کے مطابق یکم صفر المظفر 1448 ہجری 16 جولائی 2026 بروز جمعرات کو ہوگی۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں اور محکمہ موسمیات کی رپورٹس کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے بعد اعلان کیا گیا کہ صفر المظفر 1448 ہجری کا چاند نظر آ گیا ہے، لہٰذا نئے اسلامی مہینے کا آغاز کل سے ہوگا۔

اس حوالے سے وزارت مذہبی امور نے بھی باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس میں یکم صفر کی تاریخ کی تصدیق کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی پیش گوئی کی تھی کہ 15 جولائی کی شام چاند نظر آنے کے امکانات روشن ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق نئے چاند کی پیدائش 14 جولائی کو دوپہر 2 بج کر 43 منٹ پر ہوئی تھی، جبکہ 15 جولائی کی شام رویت کے لیے فلکیاتی حالات انتہائی سازگار تھے۔

ماہرین کے مطابق کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں غروب آفتاب کے بعد چاند مناسب وقت تک افق پر موجود رہا، جس سے اس کی رویت کے امکانات مزید مضبوط ہوئے۔

ہر سال اسلامی مہینوں کے آغاز کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے موصول ہونے والی شہادتوں اور سائنسی معلومات کا جائزہ لینے کے بعد کیا جاتا ہے، جس کے مطابق اس بار بھی صفر المظفر کے آغاز کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں