کراچی: محکمہ موسمیات نے اپریل سے جون 2026 کے پری مون سون بارشیں سے متعلق رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق رواں سال ملک بھر میں معمول کے مقابلے میں 13 فیصد زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر پری مون سون سیزن معمول کے مطابق رہا، تاہم اپریل میں ہونے والی غیر معمولی بارشوں نے مئی اور جون میں بارشوں کی کمی کا کافی حد تک ازالہ کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق اپریل 2026 میں ملک بھر میں معمول سے 65 فیصد زیادہ بارشیں ریکارڈ ہوئیں، جو گزشتہ کئی دہائیوں کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 1961 کے بعد رواں سال کا اپریل ملک کی تاریخ کا سب سے زیادہ بارش برسانے والا اپریل ثابت ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق اپریل کے دوران پنجاب میں معمول سے 109 فیصد جبکہ سندھ میں 169 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے کئی علاقوں میں معمولات زندگی بھی متاثر ہوئے تھے۔
دوسری جانب مئی کے مہینے میں صورتحال مختلف رہی۔ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں بارشیں معمول سے 22 فیصد کم رہیں، جبکہ سندھ میں 98 فیصد اور بلوچستان میں 80 فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح جون میں بھی بارشوں کا سلسلہ معمول سے کم رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جون کے دوران ملک بھر میں بارشیں اوسط سے 19 فیصد کم رہیں، جبکہ سندھ اور گلگت بلتستان میں بارشوں کی کمی نمایاں طور پر برقرار رہی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اپریل سے جون تک ملک بھر میں اوسطاً 73 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ پری مون سون بارشیں زرعی شعبے، آبی ذخائر اور موسم کے مجموعی رجحان پر اہم اثرات مرتب کرتی ہیں، اسی لیے آئندہ مون سون سیزن کی صورتحال پر بھی مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

