Search
Close this search box.
بدھ ,15 جولائی ,2026ء

پاکستان نے سعودی حکومت سے حج کوٹہ بڑھانے کی درخواست کر دی

اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے حج کوٹہ بڑھانے کے لیے سعودی حکومت سے باضابطہ درخواست کر دی ہے۔ یہ اعلان قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے اجلاس کے دوران کیا گیا، جہاں حج 2026 کے انتظامات اور آئندہ حج سیزن کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں ڈی جی حج نے بتایا کہ حج 2026 کے دوران ایک لاکھ سے زائد پاکستانی عازمین نے فریضہ حج ادا کیا، جبکہ شکایات کی تعداد میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔ ان کے مطابق گزشتہ برسوں کے مقابلے میں شکایات کم ہو کر تقریباً تین ہزار رہ گئیں۔

اس موقع پر کمیٹی کی چیئرپرسن شگفتہ جمانی نے کہا کہ اگرچہ شکایات میں کمی آئی ہے، تاہم سوشل میڈیا پر اب بھی بعض مسائل سامنے آ رہے ہیں، اس لیے آئندہ حج انتظامات کو مزید مؤثر اور بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اجلاس کو بتایا کہ حج کے دوران سامنے آنے والے بیشتر مسائل بروقت حل کیے گئے، جبکہ مجموعی انتظامات پر سعودی حکام نے بھی اطمینان کا اظہار کیا۔

وزارت مذہبی امور نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ حج کوٹہ بڑھانے کے لیے سعودی حکومت سے درخواست کر دی گئی ہے۔ وزارت کے مطابق حج 2027 کے لیے اب تک 3 لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد رجسٹریشن کرا چکے ہیں، جس کے باعث اضافی کوٹے کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ حج 2027 سے 2030 تک کے لیے گھر بیٹھے ڈیجیٹل رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ نیشنل آئی ٹی بورڈ کے حج پورٹل کے ذریعے 2 لاکھ 83 ہزار سے زائد جبکہ موبائل ایپ “پاک حج” کے ذریعے 43 ہزار سے زیادہ افراد رجسٹر ہو چکے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق 2 لاکھ 35 ہزار درخواست گزاروں نے سرکاری حج اسکیم جبکہ 90 ہزار افراد نے نجی حج اسکیم کا انتخاب کیا ہے۔ رجسٹرڈ عازمین میں ایک لاکھ 91 ہزار مرد اور ایک لاکھ 34 ہزار خواتین شامل ہیں۔

وزارت مذہبی امور نے مزید بتایا کہ نیشنل آئی ٹی بورڈ نے حج واجبات کی آن لائن وصولی کا نظام بھی تیار کر لیا ہے، جبکہ حج پیکجز، اخراجات اور ادائیگی کے طریقہ کار سے متعلق تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں