Search
Close this search box.
بدھ ,15 جولائی ,2026ء

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام: مستحق خواتین کے لیے اہم پیغام جاری

اسلام آباد: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے مستحق خواتین کے لیے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے ادائیگیوں کے نئے طریقہ کار سے متعلق آگاہ کیا ہے۔ پروگرام کے مطابق سہ ماہی مالی امداد مستحقین کے ڈیجیٹل والٹ میں منتقل ہونے کے بعد انہیں متعلقہ بینک کی جانب سے تصدیقی ایس ایم ایس موصول ہوگا۔

بی آئی ایس پی کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ جیسے ہی امدادی رقم مستحق خاتون کے ڈیجیٹل والٹ میں منتقل ہوگی، متعلقہ بینک کی طرف سے ایک پیغام بھیجا جائے گا جس میں رقم کی منتقلی کی تصدیق موجود ہوگی۔

اعلامیے کے مطابق جب مستحق خاتون اپنی رقم وصول کرے گی تو اسے ایک دوسرا ایس ایم ایس بھی موصول ہوگا، جس میں نکلوائی گئی رقم اور باقی تفصیلات درج ہوں گی۔ اس طریقہ کار سے خواتین آسانی سے معلوم کر سکیں گی کہ ان کے اکاؤنٹ میں کتنی رقم منتقل ہوئی اور انہوں نے کتنی رقم وصول کی۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے مستحقین کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر ایس ایم ایس کو محفوظ رکھیں، کیونکہ یہی پیغام ادائیگی کی تفصیلات کا مستند ریکارڈ ہوگا۔

بی آئی ایس پی نے واضح کیا کہ اگر کوئی ریٹیلر یا ادائیگی مرکز مستحق خاتون کو مکمل رقم ادا نہ کرے یا غیر قانونی کٹوتی کرے تو وہ موصول ہونے والے ایس ایم ایس کی بنیاد پر اپنی پوری رقم کا مطالبہ کر سکتی ہیں۔

ادارے نے مستحق خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی ادائیگی سے متعلق تمام پیغامات پر توجہ دیں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ حکام سے فوری رابطہ کریں تاکہ شفاف انداز میں امدادی رقم کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں