Search
Close this search box.
بدھ ,15 جولائی ,2026ء

پیٹرول اور ڈیزل کی قلت کا خدشہ، سپلائی محدود ہونے کا انکشاف

کراچی: پیٹرول اور ڈیزل کی قلت کا خدشہ ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا ہے۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی محدود کیے جانے کے بعد کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ڈیلرز نے ممکنہ قلت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن سندھ کے صدر امیر خان کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے مختلف پیٹرول پمپس کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی محدود کر دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تمام پیٹرول پمپس پر ایلوکیشن نافذ ہونے کے باعث معمول کے مطابق سپلائی نہیں مل رہی، جس سے آنے والے دنوں میں مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین طارق حسن نے بھی خبردار کیا ہے کہ اگر سپلائی کی موجودہ صورتحال برقرار رہی تو پیٹرول اور ڈیزل کی قلت کے خدشات مزید بڑھ سکتے ہیں۔ ان کے مطابق ملک بھر کے متعدد پیٹرول پمپس کو معمول سے کم مقدار میں مصنوعات فراہم کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی تقسیم ماہانہ اوسط فروخت کے مطابق کی جا رہی ہے اور کسی بھی ڈیلر کی اضافی طلب پوری نہیں کی جا رہی۔

ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد بعض ڈیلرز معمول سے زیادہ اسٹاک حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جبکہ جب قیمتوں میں کمی کا امکان ہوتا ہے تو وہ خریداری کم کر دیتے ہیں۔ اسی تناظر میں کمپنیوں نے سپلائی کا نظام معمول کے مطابق رکھنے کے لیے موجودہ پالیسی اختیار کی ہے۔

یاد رہے کہ حالیہ عرصے میں مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث توانائی کی عالمی منڈی دباؤ کا شکار رہی ہے، جس کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں