اسلام آباد: نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے ٹال ٹیکس میں ایک مرتبہ پھر اضافہ کرتے ہوئے ملک بھر کی موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر نئے نرخ نافذ کر دیے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ نئی فیسیں 10 جولائی 2026 سے نافذ العمل ہیں۔
این ایچ اے کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قومی شاہراہوں پر کار کے لیے ٹال ٹیکس 100 روپے، ویگن کے لیے 200 روپے جبکہ بس کے لیے 300 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح بڑے ٹرکوں کو ہر ٹال پلازے پر 400 سے 700 روپے تک ادا کرنا ہوں گے۔
موٹرویز پر بھی ٹال ٹیکس کی نئی شرحیں جاری کر دی گئی ہیں۔ اسلام آباد تا پشاور (ایم-1) موٹروے پر کار کا ٹال ٹیکس 700 روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ایم-3 پر یہ فیس 1000 روپے اور ایم-4 پر 1350 روپے ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ویگنوں کے لیے مختلف موٹرویز پر ٹال ٹیکس 1100 روپے سے 1950 روپے تک مقرر کیا گیا ہے، جبکہ بڑے ٹرکوں کو ایم-1، ایم-3 اور ایم-4 پر 2700 روپے سے 6500 روپے تک ٹال ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
اسی طرح ایم-5 موٹروے پر کاروں کے لیے ٹال ٹیکس 1500 روپے جبکہ ایم-14 پر 800 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ ویگنوں کے لیے ایم-5 پر 2200 روپے اور ایم-14 پر 1400 روپے ادا کرنا ہوں گے، جبکہ بڑے ٹرکوں سے ایم-5 پر 5950 روپے اور ایم-14 پر 1750 روپے وصول کیے جائیں گے۔
این ایچ اے کے مطابق نئے نرخ تمام متعلقہ ٹال پلازوں پر نافذ کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر سفر کرنے والے مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو نئی شرح کے مطابق ادائیگی کرنا ہوگی۔


