فاروق آباد(نیوزڈیسک)کچے میں ڈیوٹی کیلئے بھجوائے گئے پنجاب کانسٹیبلری کے اہلکار راستے میں ہی اتر گئے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق فاروق آباد ٹریننگ اسکول کانسٹیبلری سے جانے والے 25 اہلکار راستے میں بس سے اُترگئے۔
پولیس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اہلکاروں کو 4 روز قبل روانہ کیا گیا تھا، 25 اہلکار ظاہرپیرانٹرچینج کے قریب اترگئے۔
پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ انچارج نے راستے میں اترنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کردی۔
دوسری جانب ضلعی پولیس آفیسر رحیم یار خان نے کہا ہے کہ فاروق آباد سے روانہ ہونے والے تمام اہلکار ڈیوٹی پر ہیں، کچے میں جرائم پیشہ افراد کےخلاف پوری طاقت سے نبرد آزما ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں رحیم یار خان کے علاقے ماچھکہ میں پولیس کی گاڑی پر ڈاکوؤں کے حملے میں 12 اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوئے تھے۔ پولیس اہلکار شفٹ کی تبدیلی کے بعد واپس جاتے ہوئے ڈاکوؤں کے حملے کا نشانہ بنے۔
ڈاکوؤں نے ایک اہلکار کو اغوا کیا تھا اور ویڈیو وائرل کی تھی جس کے بعد انہیں پولیس نے بازیاب کروایا تھا۔




