ماہ رمضان کا بابرکات مہینہ قریب آتے ہی پھلوں کے نرخوں میں ایک بار پھر کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے، جس نے شہریوں کی پریشانی بڑھا دی ہے۔
ہر سال کی طرح رواں سال بھی رمضان سے پہلے پھلوں کے نرخ دگنے ہوگئے ہیں، جس سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اکثر پھل مارکیٹ سے غائب ہو چکے ہیں، اور رمضان میں ان کی قیمتوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔دیگر ممالک میں ماہ رمضان میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں کم ہوجاتی ہیں مگر ہمارے ملک میں مافیا کی سرگرمیاں بڑھ جاتی ہیں جس کے باعث عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جاتا ہے۔
دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ خریداری مہنگی ہونے کی وجہ سے وہ مہنگے داموں پھل فروخت کرتے ہیں اور اس اضافے کا قصور ان کا نہیں بلکہ مہنگی خریداری کا ہے۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پھلوں کی قیمتوں پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات کرے تاکہ رمضان میں عوام کو سستے داموں پھل دستیاب ہوں۔


