لاہور(نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب فری سولر پینل اسکیم کا آغازکر دیا، انہوں نے مختلف نمبر بتانے پر فری سولر پینل اسکیم کی خودکار ڈیجیٹل قرعہ اندازی کی۔
مریم نواز نے کہا کہ عوام کو مہنگی بجلی سے ریلیف دینا چاہتے ہیں، فزیکل ویری فکیشن کے بعد رواں ماہ مارچ کے آخر میں سولر سسٹم کی انسٹالیشن شروع ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ماہانہ 200 یونٹ تک کے صارفین کے لیے سولر سسٹم مفت انسٹال کیا جائے گا، اسکیم کے لیے 8 لاکھ 61 ہزار صارفین نے درخواستیں دیں۔ جبکہ صارفین کی معاونت کے لئے ہیلپ لائن بھی قائم کی گئی ہے۔
سولر پینل اور انورٹر کو چوری سے بچانے کے لئے صارف کے شناختی کارڈ سے منسلک کیا جائے گا، ایک لاکھ سولر سسٹم انسٹال کرنے سے 57 ہزار ٹن کاربن کااخراج کم ہوگا۔
سیکریٹری توانائی پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جولائی کے آخر تک فری سولر پینل اسکیم کا پہلا فیز مکمل ہو جائے گا۔
صوبے بھر میں ماہانہ 200 یونٹ تک صرف کرنے والے صارفین کے لیے سولر سسٹم مفت نصب کیا جائے گا، فری سولر پینل اسکیم کے لیے 8 لاکھ 61 ہزار صارفین نے درخواست دی۔
وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ فری سولر پینل اسکیم کا تمام پراسیس اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے مکمل کیا گیا، 0.55 کلو واٹ کے 47 ہزار 182 اور 1.1 کلوواٹ کے 47 ہزار 301 سسٹم انسٹال کیے جائیں گے، 100 یونٹ ماہانہ اور 200 یونٹ تک ماہانہ بجلی صرف کرنے والے صارفین کو سولر سسٹم مفت دیا جائے گا۔
مزیدپڑھیں:رمضان المبارک میں بینکوں کے اوقات کار جاری

