اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستانی حکومت نے عید الاضحی ٰ2025 کے موقع پر تین روزہ تعطیلات کا اعلان کیا ہے، جو 7، 8 اور 9 جون کو ہوں گی تاہم ان تعطیلات کا حتمی اعلان ذوالحج کے چاند کی رویت کے بعد کیا جائے گا جس کے مطابق عید کی تاریخیں متعین کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق عید الاضحی اسلامی مہینے ذوالحجہ کی 10 تاریخ کو منائی جاتی ہے، اور اس دن مسلمان حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اللہ کے حکم پر اپنے بیٹے کو قربان کرنے کی آزمائش کی یاد میں قربانی کرتے ہیں۔
یہ دن نہ صرف قربانی کی عبادت کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے بلکہ مسلمانوں کی اجتماعیت، ایثار اور غریبوں کے ساتھ ہمدردی کی بھی علامت ہے۔

عید الاضحی کی تعطیلات کا مقصد نہ صرف مذہبی عقائد کا احترام کرنا ہے بلکہ معاشرتی سطح پر بھی افراد کو ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارنے اور غریبوں کی مدد کرنے کی ترغیب دینا ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ تعطیلات کی فہرست میں عید کے دنوں میں ملک بھر میں سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے جبکہ کاروباری سرگرمیاں عید کی تیاریوں میں مشغول ہوں گی۔
حکومت نے چاند کی رویت کے حوالے سے واضح کیا ہے کہ عید کی تاریخوں کا حتمی فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے چاند دیکھنے کے بعد کیا جائے گا جس کے بعد چھٹیوں کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔


