اسلام آباد: پاک آئی ڈی موبائل ایپ استعمال کرنے والے شہریوں کے لیے خوشخبری سامنے آگئی ہے۔ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ایپ کا نیا ورژن جاری کر دیا ہے، جس میں شناختی کارڈ کے لیے آن لائن درخواست دینے والوں کو ایک اہم نئی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
نادرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاک آئی ڈی موبائل ایپ کا نیا ورژن 5.6.6 ریلیز کر دیا گیا ہے۔ اس اپ ڈیٹ میں “کارڈ دیکھیں” (View Card) کے نام سے ایک نیا فیچر شامل کیا گیا ہے، جس کے ذریعے شہری درخواست حتمی طور پر جمع کرانے سے پہلے اپنے متوقع شناختی کارڈ کا مکمل جائزہ لے سکیں گے۔
درخواست جمع کرانے سے پہلے غلطیاں درست کرنے کی سہولت
نادرا کے مطابق اب صارفین شناختی کارڈ پر درج تمام معلومات کو بغور چیک کر سکتے ہیں۔ اگر نام، تاریخ پیدائش، پتہ یا کسی اور تفصیل میں غلطی نظر آئے تو درخواست فائنل کرنے سے پہلے متعلقہ فیلڈ میں جا کر فوری طور پر درستگی بھی کی جا سکتی ہے۔
اس نئی سہولت کا مقصد شناختی کارڈ کی تیاری کے دوران ہونے والی غلطیوں کو کم کرنا اور شہریوں کو بار بار درخواست دینے یا تصحیح کے مراحل سے بچانا ہے۔
خیبر پختونخوا میں نئی ڈیجیٹل سروسز کا آغاز
نادرا نے ایک اور اہم پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں بھی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے شہریوں کو پیدائش، وفات، شادی اور طلاق کے اندراج کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔
پہلے مرحلے میں یہ سروس ضلع پشاور کی تمام ولیج اور نیبر ہڈ کونسلز میں شروع کی گئی ہے، جبکہ آئندہ مرحلہ وار اس کا دائرہ کار پورے صوبے تک بڑھایا جائے گا۔
نادرا کا کہنا ہے کہ جدید ڈیجیٹل سہولیات متعارف کرانے کا مقصد شہریوں کو سرکاری خدمات تک آسان، تیز اور شفاف رسائی فراہم کرنا ہے۔
