لاہور: پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے خواہشمند شہریوں کے لیے خوش آئند خبر سامنے آگئی ہے۔ حکومت پنجاب نے شہریوں کی سہولت کے لیے لائسنس کے اجرا اور تجدید کے عمل کو مزید آسان بناتے ہوئے مختلف آن لائن اور ای خدمت مراکز کے ذریعے درخواست دینے کی سہولت فراہم کر دی ہے، جس سے اب طویل قطاروں اور بار بار لائسنس سینٹر جانے کی ضرورت کم ہو جائے گی۔
سرکاری معلومات کے مطابق پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کے تحت قائم 15 ای خدمت مراکز پر شہری اب آسانی سے لرنر لائسنس کے لیے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ درخواست مکمل ہونے کے بعد لرنر لائسنس موقع پر ہی جاری کر دیا جاتا ہے، جس کی مدت چھ ماہ تک مؤثر رہتی ہے۔ یہ مراکز روزانہ صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک عوام کو خدمات فراہم کرتے ہیں۔
دوسری جانب پنجاب بھر کے شہری اب اپنے موبائل فون کے ذریعے گھر بیٹھے بھی ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کرا سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے “دستک ایپ” پر لائسنس سے متعلق تمام خدمات منتقل کر دی گئی ہیں، جہاں درخواست گزار اپنی معلومات درج کرنے، ضروری دستاویزات اپ لوڈ کرنے، سرکاری فیس ادا کرنے اور درخواست کی پیش رفت آن لائن چیک کرنے کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔
تجدید کے لیے کن دستاویزات کی ضرورت ہوگی؟
آن لائن درخواست جمع کرانے سے پہلے شہریوں کو درج ذیل دستاویزات تیار رکھنی ہوں گی۔
حالیہ پاسپورٹ سائز تصویر
اصل شناختی کارڈ کے دونوں اطراف کی واضح تصاویر
پرانے ڈرائیونگ لائسنس کی فرنٹ اور بیک کاپی
اگر عمر 50 سال سے زائد ہو تو سرکاری ڈاکٹر سے تصدیق شدہ میڈیکل سرٹیفکیٹ
فعال موبائل نمبر اور ای میل ایڈریس
دستک ایپ کے ذریعے درخواست کیسے دیں؟
درخواست گزار سب سے پہلے گوگل پلے اسٹور یا ایپ اسٹور سے Dastak App ڈاؤن لوڈ کریں اور شناختی کارڈ، موبائل نمبر اور دیگر معلومات کے ذریعے اپنا اکاؤنٹ بنائیں۔
لاگ ان کرنے کے بعد Driving License Services میں جا کر Regular Driving License Renewal کا انتخاب کریں۔ اس کے بعد لائسنس نمبر، شناختی کارڈ نمبر، تاریخ پیدائش اور دیگر مطلوبہ معلومات درست درج کریں، ضروری دستاویزات اپ لوڈ کریں اور فارم مکمل کریں۔
درخواست جمع کرانے کے بعد سسٹم ایک PSID نمبر جاری کرے گا، جس کے ذریعے موبائل بینکنگ، انٹرنیٹ بینکنگ یا اے ٹی ایم سے سرکاری فیس ادا کی جا سکتی ہے۔ فیس کی ادائیگی کے بعد درخواست کو لازمی طور پر Final Submit کریں، بصورت دیگر درخواست مکمل تصور نہیں ہوگی۔
درخواست مسترد یا تاخیر کا شکار کیوں ہوتی ہے؟
ٹریفک پولیس کے مطابق اکثر درخواستیں چند عام غلطیوں کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہو جاتی ہیں، جن میں شناختی کارڈ یا لائسنس کی غیر واضح تصاویر اپ لوڈ کرنا، غلط معلومات درج کرنا، فیس ادا کرنے کے باوجود فائنل سبمٹ نہ کرنا اور 50 سال سے زائد عمر کے باوجود میڈیکل سرٹیفکیٹ اپ لوڈ نہ کرنا شامل ہیں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ لائسنس کی معیاد ختم ہونے سے پہلے ہی تجدید کی درخواست جمع کرائیں، کیونکہ مقررہ مدت گزرنے کے بعد لیٹ فیس خودکار طور پر شامل کر دی جاتی ہے۔


