Search
Close this search box.
جمعرات ,16 جولائی ,2026ء

آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی تنخواہ اور مراعات کی تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد(رضوان عباسی): آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی تنخواہ اور سرکاری مراعات کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، جن کے مطابق اس اہم آئینی عہدے پر تعینات افسر کو سالانہ لاکھوں روپے تنخواہ اور مختلف سرکاری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

دستیاب سرکاری ریکارڈ کے مطابق آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو سالانہ 97 لاکھ 68 ہزار 240 روپے تنخواہ کی مد میں ادا کیے جاتے ہیں، جبکہ ان کی مجموعی ماہانہ تنخواہ 8 لاکھ 14 ہزار 20 روپے بنتی ہے۔

ریکارڈ کے مطابق آڈیٹر جنرل کی ماہانہ بنیادی تنخواہ 7 لاکھ 72 ہزار 780 روپے مقرر ہے۔ اس کے علاوہ انہیں 35 ہزار 240 روپے یوٹیلیٹیز الاؤنس اور 6 ہزار روپے دیگر الاؤنسز بھی دیے جاتے ہیں، جس کے بعد مجموعی ماہانہ آمدن 8 لاکھ روپے سے زائد ہو جاتی ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے لیے اسلام آباد کے سیکٹر F-6/3 میں سرکاری رہائش گاہ مختص ہے۔ اس کے ساتھ سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے 1800 سی سی سرکاری گاڑی بھی فراہم کی گئی ہے، جبکہ گاڑی کے استعمال کے لیے ماہانہ 580 لیٹر پٹرول کی سہولت بھی دستیاب ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو سفر اور یومیہ الاؤنس (ٹی اے/ڈی اے) کی مد میں مجموعی طور پر 51 لاکھ 62 ہزار 563 روپے ادا کیے گئے۔

آڈیٹر جنرل آف پاکستان کا ادارہ ملک کے وفاقی اور صوبائی اداروں کے مالی معاملات اور سرکاری اخراجات کا آڈٹ کرنے کا آئینی اختیار رکھتا ہے۔ اسی وجہ سے اس عہدے کو ریاست کے اہم ترین مالیاتی نگرانی کے اداروں میں شمار کیا جاتا ہے۔

سرکاری ریکارڈ سامنے آنے کے بعد آڈیٹر جنرل کے عہدے سے وابستہ تنخواہ اور مراعات ایک بار پھر عوامی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں