لزبن: رونالڈو 2030 ورلڈ کپ میں شرکت کریں گے یا نہیں؟ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دعوؤں کی حقیقت سامنے آ گئی ہے۔ تازہ رپورٹس کے مطابق پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے 2030 کے فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کی کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 41 سالہ اسٹار فٹبالر کے بارے میں یہ تاثر سامنے آیا کہ وہ اپنا آخری فیفا ورلڈ کپ کھیل چکے ہیں، تاہم مداح اب بھی امید لگائے بیٹھے ہیں کہ وہ 2030 کے ورلڈ کپ میں ایک بار پھر قومی ٹیم کی نمائندگی کر سکتے ہیں، خاص طور پر اس لیے کہ اس ٹورنامنٹ کی مشترکہ میزبانی میں پرتگال بھی شامل ہوگا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک مداح کے اکاؤنٹ سے یہ دعویٰ کیا گیا کہ رونالڈو سنجیدگی سے 2030 ورلڈ کپ کھیلنے پر غور کر رہے ہیں کیونکہ ٹورنامنٹ پرتگال میں ہوگا اور ان کی ٹیم کے پاس ٹائٹل جیتنے کا اچھا موقع ہوگا۔
تاہم بعد ازاں یہ دعویٰ بے بنیاد ثابت ہوا۔ مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق ایسی کوئی مستند یا باضابطہ اطلاع موجود نہیں جس میں کرسٹیانو رونالڈو نے رونالڈو 2030 ورلڈ کپ میں شرکت کی خواہش یا منصوبے کا اظہار کیا ہو۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی پوسٹ جعلی تھی، جس کے باعث مداحوں میں غیر ضروری بحث اور قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔
اب تک نہ رونالڈو اور نہ ہی ان کے نمائندوں کی جانب سے 2030 کے فیفا ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق کوئی بیان جاری کیا گیا ہے، اس لیے اس حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کو مصدقہ نہیں سمجھا جا سکتا۔



