واشنگٹن: امریکا میں ٹرمپ کا ایک ڈالر کا سکہ متعارف کرانے کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔ امریکی محکمہ خزانہ نے نئے یادگاری سکے (Commemorative Coin) کا ڈیزائن پیش کر دیا ہے، جسے امریکا کی آزادی کے 250 سال مکمل ہونے کی تقریبات کے سلسلے میں جاری کیا جائے گا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے سنہری رنگ کے نئے ایک ڈالر کے سکے کی رونمائی کی، جس کے اگلے حصے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر، “In God We Trust” کا نعرہ اور 1776-2026 درج ہے، جو امریکا کی ڈھائی سو سالہ تاریخ کی علامت ہے۔
سکے کے پچھلے حصے پر امریکا کا قومی نشان عقاب نقش کیا گیا ہے، جبکہ اس پر United States of America اور ایک ڈالر کی مالیت بھی درج ہوگی۔
محکمہ خزانہ کے ترجمان کے مطابق ٹرمپ کا ایک ڈالر کا سکہ موسم خزاں (Autumn) میں عوام کے لیے دستیاب ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی دوسری مدتِ صدارت کے دوران کئی غیر معمولی اقدامات کیے ہیں۔ اس سے قبل مختلف وفاقی عمارتوں، ایک ہوائی اڈے، بعض پلوں اور کچھ پاسپورٹس پر بھی ان کا نام یا تصویر شامل کیے جانے کی اطلاعات سامنے آ چکی ہیں۔
تاریخی اعتبار سے دیکھا جائے تو امریکا کی 250 سالہ تاریخ میں یہ دوسری مرتبہ ہوگا جب کسی حاضر سروس (برسرِ اقتدار) صدر کی تصویر سکے پر نمایاں کی جا رہی ہے۔
امریکی تاریخ میں اس سے پہلے تقریباً ایک صدی قبل 150 سالہ جشنِ آزادی کے موقع پر ایک خصوصی نصف ڈالر کا سکہ جاری کیا گیا تھا، جس پر امریکا کے پہلے صدر جارج واشنگٹن اور اُس وقت کے صدر کیلون کولج کی تصاویر شامل تھیں۔
اس وقت تقریباً 10 لاکھ سکے تیار کیے گئے تھے، تاہم کم طلب کے باعث ان میں سے بڑی تعداد واپس لے کر پگھلا دی گئی تھی۔


