Search
Close this search box.
جمعرات ,16 جولائی ,2026ء

آزاد کشمیر الیکشن: نواز شریف کے دو بڑے جلسوں کا شیڈول سامنے آگیا

اسلام آباد(رضوان عباسی): آزاد کشمیر الیکشن کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے انتخابی مہم تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پارٹی قائد میاں نواز شریف آزاد کشمیر میں دو بڑے عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے، جبکہ ان کے ہمراہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک ہوں گی۔

روزنامہ اوصاف سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ مجوزہ طور پر نواز شریف کے انتخابی جلسے 19 جولائی کو میرپور اور 24 جولائی کو مظفرآباد میں منعقد کیے جائیں گے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ انتظامات اور شیڈول کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور باقاعدہ اعلان جلد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنے دورۂ آزاد کشمیر کے دوران مسلم لیگ (ن) کے تمام انتخابی امیدواروں اور ٹکٹ ہولڈرز سے بھی ملاقات کریں گے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔

مہاجرین کی نشستوں پر بلاول بھٹو سے مؤقف واضح کرنے کا مطالبہ

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی آزاد کشمیر میں انتخابی جلسہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اتحادی جماعت کے رہنما اور قابل احترام ہیں، تاہم انہیں مہاجرین کی مخصوص نشستوں کے معاملے پر اپنا مؤقف واضح کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے متاثرین ظلم و جبر کے باعث پاکستان آئے اور مہاجرین تحریک آزادی کشمیر کا اہم حصہ ہیں۔ ان کے مطابق مہاجرین کی نمائندگی ختم کرنے کی سوچ درست نہیں، جبکہ ایسی نشستیں صرف پنجاب ہی نہیں بلکہ سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی موجود ہیں۔

ایکشن کمیٹی کے لانگ مارچ پر بھی ردعمل

سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ممکنہ احتجاج پر بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امکان ہے کمیٹی اپنا لانگ مارچ ایک مرتبہ پھر مؤخر کر کے 26 جولائی کی نئی تاریخ دے گی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوامی حقوق سے متعلق کمیٹی کے بنیادی مطالبات حکومت پہلے ہی تسلیم کر چکی ہے، لیکن اب بعض عناصر آئینی اور قانونی معاملات کو سڑکوں پر احتجاج کے ذریعے منوانا چاہتے ہیں، جس کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

شفاف انتخابات کی یقین دہانی

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر الیکشن آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انداز میں کرائے جائیں گے اور حکومت انتخابی عمل کو غیر جانبدار بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے گی۔

یہ بھی پڑھیں