دبئی: دبئی 5 سالہ ملٹی پل انٹری ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے خوشخبری سامنے آئی ہے۔ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پانچ سالہ ملٹی پل انٹری سیاحتی ویزے کی شرائط میں نرمی کرتے ہوئے غیر ملکی سیاحوں کے لیے ملک میں بار بار آمد کو مزید آسان بنا دیا ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی سہولت کے تحت ویزا ہولڈر کسی مقامی اسپانسر یا میزبان کے بغیر سال میں متعدد مرتبہ متحدہ عرب امارات کا سفر کر سکے گا۔ ہر مرتبہ ملک میں 90 دن تک قیام کی اجازت ہوگی، جبکہ ضرورت پڑنے پر اس مدت میں مزید 90 دن کی توسیع بھی ممکن ہوگی۔
حکام کے مطابق ایک کیلنڈر سال کے دوران مجموعی قیام 180 دن سے زیادہ نہیں ہو سکے گا۔
5 سالہ ملٹی پل انٹری ویزا کیسے حاصل کریں؟
حکام کے مطابق دبئی 5 سالہ ملٹی پل انٹری ویزا کے لیے درخواست جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز (GDRFA) کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہے۔
درخواست کے دوران امیدوار اپنی ضرورت کے مطابق 30، 60 یا 90 دن کے قیام کی مدت کا انتخاب کر سکتا ہے۔ بعد ازاں اگر مزید قیام درکار ہو تو مقررہ ضوابط کے مطابق توسیع بھی حاصل کی جا سکتی ہے، تاہم مجموعی قیام کی مدت 180 دن سے تجاوز نہیں کر سکتی۔
کن افراد کو فائدہ ہوگا؟
اس نئی پالیسی سے خاص طور پر سیاحوں، کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں اور ایسے افراد کو فائدہ پہنچے گا جو ایک سال میں متعدد مرتبہ دبئی یا دیگر امارات کا سفر کرتے ہیں۔ اسپانسر کی شرط نرم ہونے سے ویزا حاصل کرنے کا عمل بھی پہلے کے مقابلے میں آسان ہونے کی توقع ہے۔
حکام نے درخواست گزاروں کو ہدایت کی ہے کہ ویزا کے لیے درخواست جمع کرانے سے قبل تمام شرائط اور مطلوبہ دستاویزات کا جائزہ ضرور لیں تاکہ درخواست میں کسی قسم کی تاخیر یا دشواری پیش نہ آئے۔
