Search
Close this search box.
جمعرات ,16 جولائی ,2026ء

گھر کی تعمیر و مرمت کے لیے پنجاب حکومت کا بڑا اعلان، مستحق افراد کو 5 لاکھ روپے ملیں گے

لاہور: گھر کی تعمیر و مرمت اسکیم کے حوالے سے پنجاب حکومت نے اہم اعلان کرتے ہوئے شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری سنادی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو بہتر رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے، جبکہ اب گھروں کی چھتوں کی مرمت کے لیے بھی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے بتایا کہ گھر کی تعمیر و مرمت اسکیم سمیت رہائشی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ ان کے مطابق “اپنا گھر” پروگرام کے تحت گزشتہ دو برس کے دوران دو لاکھ سے زائد گھر تعمیر کیے جا چکے ہیں، جبکہ ایسے خاندان جن کے پاس اپنی زمین موجود نہیں تھی، انہیں پانچ مرلے کے پلاٹ بھی فراہم کیے گئے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ جن شہریوں کے گھروں کی چھتیں خستہ حال ہیں یا مرمت کی ضرورت ہے، انہیں چھت کی تعمیر یا مرمت کے لیے 5 لاکھ روپے تک کی مالی معاونت دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد ہر شہری کو محفوظ رہائش فراہم کرنا اور عوام کی مشکلات میں عملی کمی لانا ہے۔

پورے پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری

مریم نواز نے خطاب میں کہا کہ حکومت صرف لاہور نہیں بلکہ پنجاب کے تمام اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر یکساں توجہ دے رہی ہے۔ ان کے مطابق سرکاری اسکولوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے اور ہر تحصیل میں نواز شریف اسکول قائم کیے جائیں گے تاکہ معیاری تعلیم عام شہریوں تک پہنچ سکے۔

انہوں نے بتایا کہ طلبہ کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے 25 ارب روپے کا خصوصی پروگرام بھی جاری ہے، جس کے تحت روزانہ تقریباً 12 لاکھ بچوں کو دودھ اور بسکٹ فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے سرکاری اسکولوں میں داخلوں کی شرح میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

جدید ٹرانسپورٹ اور نئی مہارتوں پر بھی زور

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں جدید اور ایئرکنڈیشنڈ بسیں چلائی جا رہی ہیں جبکہ واٹر اینڈ سینیٹیشن کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مستقبل کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) اور مشین لرننگ جیسی جدید ٹیکنالوجیز سیکھیں تاکہ عالمی سطح پر بہتر مواقع حاصل کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں