اسلام آباد(نیوز ڈیسک) محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ دو روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار رہے گا۔
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں شدید بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں بدھ کے روز بوندا باندی اور ہلکی بارش ہوئی، جب کہ لاہور کے علاقوں ڈیوس روڈ، لکشمی چوک، گوالمنڈی، گڑھی شاہو، دھرم پورہ، ریگل، مال روڈ، کینٹ، فیصل ٹاؤن اور ٹاؤن شپ میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
ادھر خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر دیر، مینگورہ اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح آزاد کشمیر کی وادی نیلم اور جہلم میں بھی بادل خوب برسے، جس سے درجہ حرارت میں کمی آئی اور موسم سہانا ہو گیا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ممکنہ بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔



