کراچی (نیوز ڈیسک) سکھن تھانے کی حدود ریڑھی گوٹھ میں جائیداد کے مبینہ تنازع پر بہن نے اپنے بھائی کو تشدد کر کے قتل کر دیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ کو گرفتار کر لیا اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 40 سالہ سومار ولد ابراہیم کے طور پر ہوئی ہے، جس کی لاش تشدد زدہ حالت میں ریڑھی گوٹھ سے ملی۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعے پر ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق پیرزادہ بھی موقع پر پہنچے اور کرائم سین یونٹ کو شواہد اکٹھا کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے اپنی نگرانی میں ایک مشترکہ تفتیشی ٹیم تشکیل دی ہے۔
ایس ایچ او سکھن تھانہ عدیل احمد شاہ نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مقتول سومار کو اس کی بہن آمنہ زوجہ علی محمد نے اپنے بیٹے کے ساتھ مل کر ڈنڈوں سے تشدد کر کے قتل کیا۔ پولیس نے چند گھنٹوں کے اندر ملزمہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
دورانِ تفتیش ملزمہ آمنہ نے اعتراف کیا کہ اس نے جائیداد کے تنازع پر غصے میں آ کر بھائی کو تشدد کر کے قتل کیا۔ پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والا ڈنڈا بھی برآمد کر لیا ہے، جسے فرانزک تجزیے کے لیے محفوظ کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش جاری ہے اور کیس کو جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
مزیدپڑھیں:پی ٹی آئی قیادت نہیں چاہتی عمران خان جیل سے باہر آئیں، فواد چودھری



