لاہور(نیوز ڈیسک)وزارتِ ریلوے نے کراچی تا لاہور بلٹ ٹرین منصوبہ شروع کرنے کی خبروں کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسے کسی منصوبے پر کام زیر غور نہیں۔
وزارتِ ریلوے کی جانب سے جاری وضاحت میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے منسوب میڈیا رپورٹس درست نہیں۔
پاکستان ریلوے کے ترجمان بابراعلیٰ نے کہا کہ حنیف عباسی نے بلٹ ٹرین منصوبے کے آغاز سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح موجودہ ریلوے نظام کی بہتری ہے۔
ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ صرف وزارتِ ریلوے کی جانب سے جاری کردہ سرکاری بیانات کو ہی حتمی تصور کیا جائے۔
سرکاری میڈیا نے 24 اگست کو خبر دی تھی کہ پاکستان ریلوے نے لاہور تا کراچی بلٹ ٹرین منصوبے کا اعلان کیا ہے، جس کے ذریعے 20 گھنٹے کا سفر 2030 تک محض 5 گھنٹوں میں طے کیا جا سکے گا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا تھا کہ 1215 کلومیٹر طویل یہ ہائی اسپیڈ ریل لائن چین-پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک ) کے تحت 6.8 ارب ڈالر لاگت کے ایم ایل -1 اپ گریڈ منصوبے کا حصہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق ”یہ ٹرین 250 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی، اور اس کے اہم اسٹاپس میں حیدرآباد، ملتان اور ساہیوال شامل ہوں گے۔“
قبل ازیں رواں برس، وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور تا راولپنڈی بلٹ ٹرین منصوبے کی منظوری دی تھی، جس کے تحت دونوں شہروں کے درمیان سفر کا دورانیہ کم ہو کر صرف 2.5 گھنٹے رہ جائے گا۔
مزیدپڑھیں:بچے کا اسکول داخلہ، سفر اور شناخت، جووینائل کارڈ بنوانے کا آسان طریقہ سامنے آ گیا
