مظفرآباد(نیوز ڈیسک)چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے میرپور ڈویژن کے ووٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا خوف و خطر گھروں سے نکلیں اور مقررہ وقت کے اندر اپنا جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے ووٹ ضرور کاسٹ کریں۔
انہوں نے کہا کہ میرپور ڈویژن میں انتخابی عمل کے شفاف، آزاد، غیر جانبدار اور پرامن انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر مؤثر سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے الیکشن ڈیوٹی پر مکمل طور پر متحرک ہیں اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا چکے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ عوام ضابطۂ اخلاق کی پابندی کرتے ہوئے انتخابی عمل میں حصہ لیں اور کسی بھی افواہ پر کان نہ دھریں بلکہ صرف مستند معلومات پر اعتماد کریں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ انتخابی عمل کے دوران قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے ووٹرز پر زور دیا کہ وہ پولنگ اسٹیشن جاتے وقت اپنا اصل قومی شناختی کارڈ اپنے ساتھ ضرور رکھیں اور اپنی رائے کا ذمہ داری کے ساتھ اظہار کریں، کیونکہ ہر ووٹ ایک قومی امانت ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرپور ڈویژن میں انتخابی عمل کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ ان کے مطابق عوام کی بھرپور شرکت جمہوری عمل کو مزید مضبوط بنائے گی اور پرامن انتخابات ہی مضبوط جمہوریت کی ضمانت ہیں۔
مزید پڑھیں۔آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ کا آغاز ہوگیا

