اسلام آباد (اوصاف نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشترعلاقوں میں ایک بار پھر بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے۔
بتایا گیا کہ اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش ہوگی جب کہ دیر، سوات اورمانسہرہ میں موسلادھاربارش کا امکان ہے، اس کے علاوہ سانگھڑ، گھوٹکی، تھرپارکر،عمرکوٹ، ژوب، موسیٰ خیل اور بارکھان میں بھی بادل برسنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود ہے اور بارش کا امکان ہے۔ پہاڑی علاقوں مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ ہوگی جب کہ بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اورنشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں میں موسلا دھار بارشوں اور سیلاب کا الرٹ جاری کردیا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ این ڈی ایم اے کے مطابق وادی نیلم، مظفرآباد، باغ، حویلی اور کوٹلی میں شدید بارش کا امکان ہے، جس سے شہری اور نشیبی علاقوں میں سیلاب جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان بھی ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے ندی نالوں کے قریب رہائشیوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ شہریوں کو غیرضروری سفر سے گریز کا بھی کہا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:چائے پیش کرنے کے انداز پر سکول پرنسپل نے چپڑاسی کو جیون ساتھی چن لیا



