Search
Close this search box.
پیر ,22 جون ,2026ء

سیلاب زدگان کو بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کے ذریعے فوری امداد دی جائے، بلاول بھٹو

ملتان(نیوز ڈیسک)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے درخواست کی ہے کہ سیلاب متاثرین تک بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کے ذریعے فوری امداد پہنچائی جائے، جس کی وزیراعظم نے یقین دہانی کرا دی ہے۔

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیلاب سینٹرل پنجاب سے ہوتا ہوا ملتان اور جنوبی پنجاب پہنچ چکا ہے، ایسے وقت میں پیپلز پارٹی کے نمائندے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا فوکس ہمیشہ عوام کی خدمت پر ہے۔


بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیلاب کے تین مراحل ہوتے ہیں۔ پہلے مرحلے میں عوام کی جان بچانی ہوتی ہے اور حکومت اس پر بھرپور کام کر رہی ہے۔ دوسرا مرحلہ ریلیف کا ہوتا ہے، جس میں متاثرین کو راشن اور دیگر سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، اس کے لیے بھی حکومت اور عوام دونوں کوشش کر رہے ہیں کہ غریب عوام تک زیادہ سے زیادہ سہولتیں پہنچ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ تیسرا مرحلہ سب سے اہم ہے، جب سیلاب گزر جاتا ہے تو متاثرین کی بحالی اور تعمیرِ نو کا عمل شروع ہوتا ہے۔ ہم صوبائی اور وفاقی حکومت دونوں سے کہیں گے کہ اس مرحلے میں عوام کو اکیلا نہ چھوڑیں اور نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ دو، تین سال پہلے سندھ میں بڑا سیلاب آیا تھا، جہاں پیپلز پارٹی کی حکومت نے وفاقی حکومت اور عالمی برادری سے مدد مانگی، وسائل اکٹھے کیے اور متاثرین کے لیے 20 لاکھ گھر بنانے کا منصوبہ شروع کیا۔ بلاول بھٹو نے مطالبہ کیا کہ یہی منصوبہ پنجاب، خصوصاً جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرین کے لیے بھی شروع کیا جائے۔

انہوں نے ایک بار پھر زور دیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو کہا ہے کہ بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کے ذریعے متاثرین تک فوری امداد پہنچائی جائے اور وزیراعظم نے اس پر یقین دہانی کرا دی ہے کہ وہ متاثرین تک یہ مدد ضرور پہنچائیں گے۔

پریس کانفرنس کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے بچوں کی درخواست پر ان کے ساتھ گروپ فوٹوز بھی بنوائے۔
مزیدپڑھیں:بھارتی اداکارہ ہینڈ بیگ میں گجرا رکھنے پرلاکھوں روپے جرمانہ عائد

یہ بھی پڑھیں