Search
Close this search box.
هفته ,18 جولائی ,2026ء

تحریک انصاف قانون و آئین کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کر رہی ہے، شیخ وقاص اکرم

اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نےکہا ہے کہ پی ٹی آئی ہمیشہ قانون اور آئین کے دائرے میں رہ کر سیاسی جدوجہد کرتی آئی ہے اور آئندہ بھی اسی راستے پر گامزن رہے گی۔

اے بی این نیوز کے پروگرام سوال سے آگے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگرچہ ملک کا عدالتی نظام اس وقت عوام کے اعتماد پر پورا نہیں اتر رہا، اس کے باوجود پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان مسلسل عدالتی دروازے کھٹکھٹا رہے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ وہی عدالتیں ایک روز انہیں انصاف فراہم کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی ہے اور کبھی بھی انتشار یا تصادم کی سیاست نہیں کی۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ اگر عمران خان کے ساتھ انصاف کیا گیا تو دراصل پاکستان کے ساتھ انصاف ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بارہا عدالتوں سے رجوع کرنے کے باوجود عمران خان کو انصاف نہیں مل رہا اور ان کے خلاف شکوک و شبہات پر مبنی مقدمات چلائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا موقف ہمیشہ واضح اور دوٹوک رہا ہے، وہ کھل کر بات کرتے ہیں اور کسی سے نہیں ڈرتے۔ اگر وہ کسی ادارے یا شخصیت کا نام لیتے ہیں تو اس کے پیچھے ان کے دلائل ہوتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان کی جماعت ان کے مؤقف کو ہی پارٹی مؤقف تصور کرتی ہے۔

رانا ثناء اللہ کے حالیہ بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو ملک دشمن قرار دینا افسوسناک اور بے بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اکاؤنٹ لاکھوں فالوورز پر مشتمل ہے اور اس پر کی جانے والی ٹویٹس کو لاکھوں لوگ پڑھتے ہیں، اسے بند کرنے کی بات آزادی اظہار رائے پر حملہ ہوگی۔

سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان حالیہ دفاعی معاہدے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ ریاستی سطح کا معاملہ ہے، اس پر فی الحال پارٹی کوئی سرکاری مؤقف نہیں دے سکتی کیونکہ تفصیلات ابھی منظر عام پر نہیں آئیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ عمران خان کے سعودی شاہی خاندان کے ساتھ قریبی تعلقات رہے ہیں اور ماضی میں بھی سعودی عرب نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

توشہ خانہ-ٹو کیس سے متعلق سوال پر شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ اس کیس میں بھی پی ٹی آئی قانونی راستہ اختیار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کی معطلی کی اپیل ابھی تک زیرِ التوا ہے، جبکہ اس کیس میں بھی شفافیت کا فقدان نظر آ رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے پارٹی کو 27 تاریخ کو پشاور میں جلسہ منعقد کرنے کی ہدایت دی ہے، جو طویل عرصے بعد خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کا پہلا بڑا عوامی اجتماع ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس جلسے کا مقصد عوام کو متحرک کرنا اور پیغام دینا ہے کہ عمران خان اب بھی عوام کے دلوں میں بستے ہیں۔

افغانستان سے متعلق بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں رہنے والے لوگ سب سے پہلے دہشت گردی کا نشانہ بنتے ہیں، اسی لیے اگر وہاں کے نمائندے یا قبائلی عمائدین امن کے لیے بات چیت کرتے ہیں تو اسے سراہا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت کو اپنے عوام کے جان و مال کے تحفظ کا پورا حق حاصل ہے اور اگر وہ امن کے لیے مفاہمت چاہتے ہیں تو یہ وفاق کے مفاد میں ہوگا۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک میں کسی بھی طرح کی دہشت گردی یا انتشار کے سخت خلاف ہے اور ہمیشہ امن، استحکام اور جمہوریت کی بالادستی کے لیے کوشاں رہی ہے۔
مزیدپڑھیں:خطے کا خلا پاکستان بھر رہا ہے، امریکہ کا اثر کم ہوا: خالد چشتی

یہ بھی پڑھیں