اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملک بھر میں جدید اسمارٹ میٹرز کی بڑے پیمانے پر تنصیب کا فیصلہ کر لیا گیا، جس سے انسانی مداخلت کم ہوگی اور بلنگ کے عمل میں درستگی آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاور ڈویژن نے ملک بھر میں اسمارٹ میٹرنگ اصلاحات کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد صارفین کو بہتر سہولتیں، شفاف نظام اور درست بلنگ فراہم کرنا ہے۔
پاور ڈویژن کے ترجمان نے بتایا کہ ڈسکوز میں جدید اسمارٹ میٹرز کی بڑے پیمانے پر تنصیب کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جب کہ مالی سال 2025-26 کو “کسٹمر سروس امپروومنٹ کا سال” قرار دیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اسمارٹ میٹرنگ نظام سے بلنگ میں شفافیت، درستگی اور صارفین کا اعتماد بحال ہوگا، ملک کے تقریباً 3 کروڑ 80 لاکھ صارفین میں سے 80 فیصد سنگل فیز صارفین ہیں، جنہیں مرحلہ وار اسمارٹ میٹرز فراہم کیے جائیں گے۔
اسمارٹ میٹرز کی قیمت بھی کم کر کے 20 ہزار سے 15 ہزار روپے فی میٹر تک لائی گئی ہے جبکہ شفاف اور مسابقتی خریداری کے عمل سے سالانہ 25 ارب روپے کی بچت متوقع ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ اسمارٹ میٹرنگ سے انسانی مداخلت کم ہوگی اور بلنگ کے عمل میں درستگی آئے گی۔ صارفین موبائل ایپ کے ذریعے بجلی کے استعمال کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کر سکیں گے۔
پاور ڈویژن کا کہنا تھا کہ یہ نظام بجلی کے ذمہ دارانہ استعمال اور لاگت میں کمی میں مددگار ثابت ہوگا، جب کہ ڈسکوز کو بلنگ اور شکایات کے ازالے میں تیز رفتاری حاصل ہوگی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بجلی کے نیٹ ورک کی ریموٹ نگرانی اور فالٹ کی فوری نشاندہی ممکن بنائی جا رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق اسمارٹ میٹرنگ اصلاحات پاور سیکٹر کی ڈیجیٹل منتقلی کی سمت ایک اہم سنگ میل ہیں، جن سے بجلی کے شعبے میں شفاف، تیز اور محفوظ خدمات یقینی بنائی جا سکیں گی۔
مزیدپڑھیں:نئے گیس کنکشنز کے لئے درخواستوں کی بھرمار ، سسٹم بیٹھ گیا



